PSW نے نوجوانوں کے لیے NextTech انٹرن شپ پروگرام کا آغاز کر دیا

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )پاکستان سنگل ونڈو (PSW) نے اپنے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (CSR) پروگرام کے تحت نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (NUST) کے پروفیشنل ڈیولپمنٹ سینٹر کے تعاون سے NextTech انٹرن شپ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے ، یہ چھ ہفتے کا پروگرام نوجوانوں کو بلاک چین، مصنوعی ذہانت، سائبر سیکیورٹی اور ڈیٹا سائنس جیسے جدید شعبوں میں عملی تربیت دے گا۔ منتخب طلبہ PSW کے ماہرین کی رہنمائی میں نہ صرف سیکھیں گے بلکہ جدید پروجیکٹس پر کام بھی کریں گے۔

PSW کے CEO، آفتاب حیدر نے کہا:”ہم نوجوانوں کو صرف تربیت نہیں دے رہے، ہم اُنہیں پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کا معمار بنا رہے ہیں۔”پہلے بیج میں 10 باصلاحیت طلبہ کو منتخب کیا گیا ہے جو اس انٹرن شپ کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کو نکھاریں گے، خوداعتمادی حاصل کریں گے اور پاکستان کی ڈیجیٹل ترقی کا حصہ بنیں گے ، یہ پروگرام نوجوانوں کو صرف ٹیکنالوجی سکھانے تک محدود نہیں، بلکہ اُنہیں یہ سمجھنے کا موقع بھی دیتا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل تجارت کس طرح پاکستان کی معیشت کو آگے بڑھانے اور ملک کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔