پاکستان فرنیچر کونسل کا وفد چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق کی قیادت میں برطانیہ کے ایک ہفتہ کے دورے پر روانہ

لاہور (کامرس رپورٹر )پاکستان فرنیچر کونسل کا وفد چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق کی قیادت میں منگل کو برطانیہ کے ایک ہفتہ کے دورے پر روانہ ہو گیا۔دورے کا مقصد نئے برآمدی مواقع کی تلاش اور فرنیچر کی صنعت میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔وفد میں فرنیچر انڈسٹری کے ممتاز مینوفیکچررز اور برآمد کنندگان شامل ہیں،جو بین الاقوامی منڈی میں پاکستان کی موجودگی کو بڑھانے کیلئے پر عزم ہیں۔

وفد فرنیچر کے درآمد کنندگان،خوردہ فروشوں اور صنعت کے اسٹیک ہولڈرز سے ملاقاتیں کر کے انہیں عالمی معیار کی پاکستانی دستکاری سے روشناس کرانے اور شراکت داری پر بات چیت کرے گا۔روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے میاں کاشف اشفاق نے دو طرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ اور برطانیہ میں اعلی معیار کے فرنیچر کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کیلئے کوششوں پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ اس دورے سے پاکستانی برآمد کنندگان کیلئے تجارت کے فروغ کی نئی راہیں کھلیں گی اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ ملے گا.