سونے کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر کمی

لاہور (کامرس رپورٹر ) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی کے بعد پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کے نرخوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ جمعہ کے روز یہ کمی واضح طور پر محسوس کی گئی، جس سے زیورات خریدنے والوں کو کچھ ریلیف ملا۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 10 ڈالر کمی کے بعد 3 ہزار 344 ڈالر کی سطح پر آ گئی۔ اس عالمی کمی کا اثر براہِ راست پاکستان کی مارکیٹ پر بھی پڑا، جس کے نتیجے میں مقامی سطح پر سونے کی قیمتوں میں کمی دیکھنے کو ملی۔

آل پاکستان سررافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق، ملکی مارکیٹ میں 24 قیراط خالص سونے کے فی تولہ نرخ 1 ہزار روپے کم ہو کر 3 لاکھ 57 ہزار 100 روپے تک پہنچ گئے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی 858 روپے کم ہو کر 3 لاکھ 6 ہزار 155 روپے کی سطح پر آ گئی۔

دوسری جانب چاندی کے نرخوں میں کوئی تبدیلی نہیں دیکھی گئی۔ فی تولہ چاندی کی قیمت 4 ہزار 72 روپے اور 10 گرام چاندی کی قیمت 3 ہزار 491 روپے پر مستحکم رہی۔