تماشہ کے ماہانہ صارفین کی تعداد 2 کروڑ 50 لاکھ سے تجاوز ، کسی بھی پاکستانی سٹریمنگ ایپ کی اب تک کی سب سے بڑی کامیابی

اسلام آباد(کامرس رپورٹر )جاز کی ڈیجیٹل انٹرٹینمنٹ ایپ تماشہ نے ایک تاریخی سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ ایشیا کپ 2025 کے دوران پلیٹ فارم کے ماہانہ ایکٹو صارفین کی تعداد 2 کروڑ 50 لاکھ سے تجاوز کر گئی، جو کسی بھی مقامی پاکستانی سٹریمنگ ایپ کی اب تک کی سب سے بڑی کامیابی ہے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق تماشہ کی غیر معمولی مقبولیت اس وقت مزید واضح ہوئی جب 21 ستمبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ کے اہم میچ کے دوران ایک کروڑ سے زائد ناظرین نے ایپ پر براہِ راست میچ دیکھا ، یہ ریکارڈ ویورشپ نہ صرف کرکٹ کے شائقین کے جذبے کو ظاہر کرتا ہے بلکہ اس بات کی بھی گواہی دیتا ہے کہ تماشہ قوم کو اہم لمحات میں ایک ساتھ جوڑنے کی بے مثال صلاحیت رکھتا ہے۔ جاز کے صدر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز عامر اعجاز نے اس موقع پر کہا کہ 2 کروڑ 50 لاکھ ماہانہ صارفین کا سنگ میل حاصل کرنا صرف تماشہ ہی نہیں بلکہ پاکستان کے پورے ڈیجیٹل ایکو سسٹم کے لئے فخر کی بات ہے۔

یہ کامیابی ہمارے صارفین کے اعتماد اور پارٹنرز کے ساتھ مضبوط رشتے کی عکاس ہے۔ کھیل سے لے کر انٹرٹینمنٹ تک ہم وہ تجربات فراہم کرتے رہیں گے جو لوگوں کو قریب لاتے ہیں اور ساتھ ہی اشتہارات دینے والے برانڈزکے لئے بہترین نتائج فراہم کرتے ہیں۔تماشہ کے بڑھتے ہوئے صارفین نے پاکستان کے بڑے برانڈز کو بھی اپنی طرف متوجہ کیا ہے بڑے اشتہاری اداروں نے تماشہ کو اپنی ترجیحی ایڈورٹائزنگ پارٹنر کے طور پر منتخب کیا ہے کیونکہ یہ پلیٹ فارم ملک بھر میں کروڑوں صارفین تک رسائی اور اشتہاری سرمایہ کاری پر بہترین منافع فراہم کر رہا ہے ایشیا کپ 2025 کے دوران تماشہ نے اپنی پروڈکٹ میں جدت بھی متعارف کرائی۔ پہلی بار صارفین کو یہ سہولت دی گئی کہ وہ چاہیں تو میچز بالکل مفت دیکھیں یا پھر کم قیمت تماشہ پرو پیکیج خرید کر اشتہارات کے بغیر پریمیئم تجربہ حاصل کریں۔

اس دوہری سہولت نے ناظرین کو اپنی پسند کے مطابق دیکھنے کا موقع دیا اور تماشہ کو فری اور سبسکرپشن بیسڈ سروس کے طور پر مزید مستحکم کیا اپنے آغاز سے اب تک تماشہ پاکستان کا نمایاں پلیٹ فارم بن چکا ہے جہاں لائیو اسپورٹس اور معیاری انٹرٹینمنٹ ایک ہی جگہ دستیاب ہے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی، انگلش پریمیئر لیگ، ویمبلڈن اور اولمپکس جیسے عالمی ایونٹس کی کامیاب اسٹریمنگ کے بعد اب تماشہ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2025 (30 ستمبر تا 2 نومبر) کے ہر میچ کو براہِ راست دکھائے گا اور خواتین کرکٹ کو فروغ دے کرایک نئے انداز میں پیش کرے گا.