بینک اسلامی ”ایک“ اور پی ٹی سی ایل ملکی ڈیجیٹل نظام کی بہتری کیلئے کلائوڈ سہولیات بروئے کار لائیں گے

اسلام آباد (کامرس رپورٹر)پاکستان کے اولین اسلامی ڈیجیٹل بینکاری پلیٹ فارم”ایک“(Aik) نے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کے ساتھ ایک اہم شراکت داری قائم کر لی ہے جس کا مقصد پی ٹی سی ایل سمارٹ کلاؤڈ کے ذریعے محفوظ اور قابل اعتماد خدمات کے حصول سے اپنے انفراسٹرکچر کو تقویت دینا ہے۔ اس اشتراک کے تحت پی ٹی سی ایل ”ایک“کے کاروباری تسلسل اور استحکام کو یقینی بنانے کیلئے محفوظ اور قابل بھروسہ کلاؤڈ انفراسٹرکچر فراہم کرے گا اور اس کی ڈیجیٹل صلاحیتوں میں بہتری لائے گا۔

بینک اسلامی کی ڈیجیٹل فرسٹ حکمت عملی کا حصہ ہونے کے ناطے”ایک“ صارفین کو آسان اور مکمل مالیاتی خدمات فراہم کرنے کا ہدف رکھتا ہے اور پاکستان میں زیادہ موثر اور قابل رسائی ڈیجیٹل بینکاری نظام کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے۔یہ معاہدہ اسلام آباد میں ”ایک“ کے مرکزی دفتر میں ایک خصوصی تقریب کے دوران طے پایا جس میں چیف آفیسر ایک، اشفاق احمد، سی آئی او ایک ڈیجیٹل، وقار الحسن، اور گروپ چیف بزنس سلوشنز آفیسر پی ٹی سی ایل اور یوفون فور جی ، آصف احمد سمیت دونوں اداروں کی اعلیٰ قیادت شریک ہوئی۔ اس موقع پر اشفاق احمد چیف آفیسر ”ایک“نے کہا کہ ہماری کاوش ہے کہ اسلامی بینکاری کو پاکستان کے کونے کونے تک پہنچایا جائے اور سود سے نجات دلا کر انسانیت کی خدمت کی جائے،اس مقصد کے حصول کے لئے ایسے مضبوط اور قابل توسیع نظام درکار ہیں جو شرعی اصولوں پر مبنی بینکاری کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کر سکیں۔ پی ٹی سی ایل کے ساتھ یہ شراکت داری صارفین کے لیے بینکاری کو مزید آسان بناکر اور ملک کی مجموعی اقتصادی ترقی میں اپنے کردار کی بدولت ہمیں اپنے مقصد کے قریب لے آئی ہے۔تقریب میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے گروپ چیف بزنس سلوشنز آفیسر پی ٹی سی ایل اور یوفون فور جی آصف احمد نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ہم نے ”ایک“ کے ساتھ یہ معاہدہ کیا تاکہ ان کے کاروباری اہداف کے حصول میں مدد فراہم کر سکیں۔

قومی ادارے کی حیثیت سے پی ٹی سی ایل پورے ملک میں ڈیجیٹلائزیشن کے رجحان کی قیادت کر رہا ہے۔ پی ٹی سی ایل ایسے مشترکہ اقدامات کے ذریعے کارپوریٹ سیکٹر کو جدید اور محفوظ سلوشنز مہیا کر کے ٹیلی کام انفراسٹرکچر کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، جس سے ملک کی مجموعی معاشی نمو کو مزید تقویت ملے گی۔یہ شراکت داری”ایک“ کی ڈیجیٹل بینکاری کے اہداف کے حصول کیلئے قائم کئے جانے والے محفوظ اور قابل توسیع انفراسٹرکچر کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس کیلئے پی ٹی سی ایل کی کلاؤڈ سلوشنز کی مہارت اور ٹیلی کام انڈسٹری میں طویل تجربہ موثر طریقے سے بروئے کار لایا جار ہا ہے۔