چین کی تیزرفتار ترقی سے پاکستان کو نمایاں فوائد حاصل ہو رہے ہیں . وفاقی ٹیکس محتسب کوآرڈینیٹر سیف الرحمان

لاہور (کامرس رپورٹر)وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمان نے کہا ہے کہ چین کی تیزرفتار ترقی سے پاکستان کو نمایاں فوائد حاصل ہو رہے ہیں اور اقتصادی و صنعتی ترقی اور علاقائی روابط کو فروغ مل رہا ہے۔

اتوار کو یہاں پاکستان پر چین کی بڑھتی ہوئی معیشت کے اثرات کے موضوع پر ایک گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مینوفیکچرنگ، زراعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں چینی سرمایہ کاری سے ہزاروں ملازمتیں پیدا ہو رہی ہیں اور قابل قدر تکنیکی مہارت پاکستان کی افرادی قوت کو منتقل ہو رہی ہے،اس تعاون سے لاجسٹکس میں بہتری آئی ہے اور مقامی صنعتیں علاقائی اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے قابل ہوئی ہیں جس سے پاکستان کی برآمدی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوا ہے ، چین سے زرعی مصنوعات، معدنیات اور ٹیکسٹائل کی بڑھتی ہوئی مانگ سے پاکستان کو اپنی برآمدات کو متنوع بنانے اور ادائیگیوں کے توازن کو مضبوط بنانے میں مدد ملی ہے۔ سیف الرحمان نے کہا کہ چین اپنے عالمی اثر و رسوخ اور تجارتی نیٹ ورک کو بڑھا رہا ہے اور پاکستان سی پیک کے تحت منصوبوں کے ذریعے اس کے ایک کلیدی شراکت دار کے طور پر ابھر رہا ہے۔

اربوں ڈالر کے اس منصوبے سے پاکستان کے بنیادی ڈھانچے، توانائی اور نقل و حمل کے نظام میں بہتری آئی ہے، گوادر پورٹ کو چین کے مغربی علاقوں سے ملایا گیا ہے اور دونوں ممالک کے لیے نئے تجارتی راستے کھلے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گہرے ہوتے ہوئے معاشی تعلقات نہ صرف پاکستان کی صنعتی بنیاد کو فروغ دے رہے ہیں بلکہ طویل المدتی پائیدار ترقی کی بنیاد بھی بن رہے ہیں۔ چین کی معیشت کی مسلسل ترقی سے پاکستان مزید فائدہ اٹھانے کے لیے پر عزم ہے۔