موبی لنک بینک نے بینکاری شعبے میں بیسٹ پلیس ٹو ورک کا اعزاز اپنے نام کرلیا

اسلام آباد(کامرس رپورٹر)ڈیجیٹل مائیکروفنانس بینک، موبی لنک بینک نے ایک بار پھر اپنے منفرد ورک کلچر اور افرادی قوت کے حوالے سے بہترین پالیسیوں کے باعث ’بیسٹ پلیس ٹو ورک پاکستان ایوارڈز 2025 ‘ میں بینکاری شعبے میں بہترین ادارے کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔ پاکستان کے ہیومن ریسورس کے شعبے میں اس ایوارڈ کا شمار سب سے نمایاں اور باوقار ایوارڈز میں ہوتا ہے، جس کا انعقاد پاکستان سوسائٹی آف ہیومن ریسورس مینجمنٹ (PSHRM) نے انگیج کنسلٹنگ کے اشتراک سے کیا۔جمعرات کو جاری بیان کے مطابق یہ کامیابی بینک کی جانب سے ایک ایسی معاون اور جامع ادارہ جاتی ثقافت کو فروغ دینے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے جو صلاحیتوں کی نشوونما کرنے اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پیشہ وارانہ اور ذاتی زندگی کے مابین ایک صحت مند توازن قائم کرتی ہے تاکہ ملازمین کے اطمینان اور فلاح و بہبود کو فروغ مل سکے۔موبی لنک بینک کو یہ ایوارڈ کراچی میں منعقدہ تقریب میں دیا گیا

جہاں بینک نے حتمی مرحلےمیں کئی معروف بینکوں پر سبقت حاصل کرکے ایوارڈ اپنے نام کیا۔ یہ ایوارڈ انگیج کنسلٹنگ پاکستان کی جانب سے مرتب شدہ ایک تفصیلی اور اعداد و شمار پر مبنی جائزے کے بعد دیا گیا جس میں ملازمین کی آراء اور ادارہ جاتی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ایوارڈ کے حق دار ادارے کا انتخاب کئی مسابقتی جہتوں پر مبنی تھا، جن میں ملازمین کے تجربات اور انگیجمنٹ، قیادت اور تنظیمی ثقافت، افرادی قوت پر مبنی پالیسیاں اور طریقہ کار، تنوع، برابری اور شمولیت کے علاوہ انڈسٹری بینچ مارکس کے مقابلے میں ایمپلائر برانڈ کا تاثر شامل تھا۔ درجنوں اداروں میں سے صرف وہی ادارے حتمی مرحلے تک پہنچ پائے جنہوں نے ان تمام پہلوؤں میں غیر معمولی کارکردگی دکھائی جس سے موبی لنک بینک کی لوگوں کو اولین ترجیح دینے کی حکمت عملی واضح ہوتی ہے۔ایوارڈ سے متعلق اظہارِ خیال کرتے ہوئے موبی لنک بینک کے صدر و سی ای او حارث محمود چوہدری نے کہا کہ اس کامیابی کا مکمل سہرا ہمارے لوگوں کو جاتا ہے.

جو موبی لنک بینک کی اصل طاقت ہیں اور اس کی ترقی کو فروغ دینے اور اس کے مقاصد کے حصول میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں، ہمارا مانناہے کہ کامیاب ادارہ وہی ہوتا ہے جو اپنے لوگوں کو ترجیح دیتا ہے اور یہ ایوارڈ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ بینکاری کے شعبے میں بہترین ادارے کے اعزاز سے اپنی کارکردگی کو مزید بہتر کرنے کا ہمارا عزم مستحکم ہوا ہے۔موبی لنک بینک کی چیف پیپل آفیسر علینہ تنویر نے کہاکہ یہ ایوارڈ اس مثبت اور بااعتماد ماحول کا ثبوت ہے جو ہم سب نے مل کر تشکیل دیا ہے جہاں ہر شخص کو ترقی کرنے، سیکھنے اور مضبوط وابستگی محسوس کرنے کا موقع ملتا ہے اور جب لوگوں کو تعاون اور اہمیت ملتی ہے تو بہترین کارکردگی خودبخود سامنے آجاتی ہے۔یہ ایوارڈ رواں سال کے آغاز میں موبی لنک بینک کو ملنے والے ٹاپ ایمپلائر سرٹیفکیشن کے بعد بینک کی کامیابیوں میں ایک اور سنگِ میل ہے،جس نے پاکستان کے سب سے جدید اور ملازمین کو نمایاں اہمیت دینے والے اداروں کی فہرست میں موبی لنک بینک کو نمایاں مقام دلا دیا ہے۔