تھانہ کوہسار پولیس کی بڑی کارروائی ،جعلی پولیس اہلکار بن کر شہریوں کو لوٹنے والے بین الصوبائی گینگ کے دو ملزمان گرفتا ر

تھانہ کوہسار پولیس کی بڑی کارروائی ،جعلی پولیس اہلکار بن کر شہریوں کو لوٹنے والے بین الصوبائی گینگ کے دو ملزمان گرفتا ر کر لئے ۔ملزمان کے قبضے سے وائرلیس سیٹ، جعلی پولیس کی وردیاں، ملزمان کے زیر استعمال گاڑی ، پولیس کیپس اور نقدی برآمد ۔ملزمان پولیس اہلکار کر بن کر شہریوں کو لوٹتے تھے اور اسلام آباد میں 20وارداتیں کرنے کا انکشاف کیا ہے ۔ملزمان کو شناخت پریڈ کے لئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان کے خصوصی احکامات کی روشنی میں ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاﺅن جاری ہے ، ایس ڈی پی او کوہسار خالد محمود اعوان کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ کوہسار ٹیپوسلطان معہ ٹیم نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی پولیس اہلکار بن کر سادہ لوح شہریوں کو لوٹنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے ۔ملزمان میں ولید عرف ولی اور علی جاوید شامل ہیں ۔ملزمان کے قبضے سے دو جعلی پولیس کی وردیاں، کیپس، وائرلیس سیٹ، ملزمان کے زیر استعمال گاڑی اور نقدی برآمد کر لی گئی ہے ، ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے اسلام آباد کے علاقوں ایف سکس، ایف سیون، ایف ٹین ، ایف الیون، جی ایٹ ، جی سیون ، پنجاب کے مختلف علاقوں میں 20سے زائد وارداتیں کرنے کا انکشاف کیا ہے ۔ ملزمان سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں جن کو شناخت پریڈ کے لئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے ۔ڈی آئی جی آپریشنز سہیل ظفر چٹھہ نے پولیس ٹیم کو شاباش دی اور نقد انعامات دینے کا اعلان کیا ہے ۔ آئی جی اسلام آباد نے تمام زونل افسران کو سختی سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کریں اور ایسے شرپسند عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔