توقیر صادق وغیرہ کے خلاف اوگرا کرپشن ریفرنس کی سماعت ملتوی

اسلام آباد(سی این پی)احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت میں زیر سماعت توقیر صادق وغیرہ کے خلاف اوگرا کرپشن ریفرنس میں گواہان کے بیان پر جرح جاری رہی جبکہ شریک ملزمان کی نیب ترمیمی ایکٹ کے تحت دائر درخواستوں پر جواب کیلئے مہلت کی استدعا پر سماعت ملتوی کردی گئی۔گذشتہ روز سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر سہیل عارف، وکیل صفائی ارشد تبریز اور دیگر عدالت پیش ہوئے، وکلاء صفائی نے نیب گواہ ڈائریکٹر اوگرا مصباح یعقوب پر جرح کی جس کے بعد عدالت نے نیب گواہ ڈپٹی ایم ڈی ایس این جی پی عامر طفیل کا بیان قلمبند کیا، دوران سماعت شریک ملزمان منصور مظفر علی، میرکمال مری، ظہیر صدیقی، عظیم اقبال صدیقی، سید ارسلان اقبال اور یوسف جے انصاری کی جانب سے نیب ترمیمی ایکٹ 2022 کے تحت بریت درخواستیں دائر کی گئیں، اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر سہیل عارف نے درخواستوں پر جواب کیلئے مہلت کی استدعا کی جس پر عدالت نے سماعت28 جولائی تک کیلئے ملتوی کردی۔