اسلام اباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ سپیشل رپورٹ) پولیس تھانہ نیلور ملزمان سے مل گئی ، ملی بھگت سے کروڑوں روپے مالیت کی زمین پر قبضہ مافیا کیساتھ ساز باز کرلی ۔ قبضہ مافیا نے خواتین کیساتھ مارپیٹ کرتے ہوئے انہیں دھمکیاں دیں ، روتی پیٹتی خواتین تھانہ نیلور پہنچ گئیں، تاہم پولیس تھا نہ نیلور نے لیت و لعل کے بعد اگرچہ درخواست تو رکھ لی لیکن تاحال مقدمہ درج نہیں کیا ۔
مبینہ طور پولیس پر بااثرملزمان کیساتھ ساز باز کا متاثرہ خواتین نے خدشہ ظاہر کیا ہے ۔ خواتین نے آئی جی اسلام آباد ڈاکر اکبر ناصر سے درخواست کی ہے کہ انکی درخواست پر پولیس کو مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کا حکم صادر کیا جائے کیونکہ ملزمان کے ہاتھ بہت لمبے ہیں اور وہ جان کے درپے ہیں ۔ متاثرہ خواتین مقسوم بی بی ، شہناز بی بی ،فقراز بی بی نے نیلور تھانے کو دی گئی
درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ملزمان حافظ وحید ،نصیر ولد شریف ،شعیب ولد بشیر ،خاقان شہزاد ،اور منان ہاﺅسنگ سوسائٹی بنارہے ہیں انہوں نے زبردستی ہماری زمین پر بلڈوزر چلائے جن کو روکنے کیلئے گئیں تو انہوں نے گالم گلوچ کرتے ہوئے مار پیٹ کی اور پتھراﺅ سے ایک خاتون زخمی ہوگئی ۔ملزمان سے اپنے مسلح نجی سیکورٹی گارڈز بھی بٹھا رکھے ہیں۔ہم نے ریسکیو ون فائیو کو اطلاع دی جنہوں نے ملزمان کو گرفتار کرنے کی بجائے انہیں پر روٹوکول دیا ۔قبل ازیں اس زمین پر مقامی عدالت سے حکم امتاع جاری ہوچکا ہے جس کی ملزمان نے خلاف ورزی کرتے ہوئے قبضہ کرنے کی کوشش کی ہے۔