روٹ پورا نہ کرنے والی اور بغیر پرمٹ چلنے والی پبلک سروس گاڑیوں کیخلاف قانونی کارروائی مزید سخت اور موثر کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد کیپیٹل پولیس کا روٹ پورا نہ کرنے والی اور بغیر روٹ پرمٹ چلنے والی پبلک سروس گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی کو مزید موثر اور سخت کرنے کا فیصلہ، تمام زونل انچارج اپنے زونز میں پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کی ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں،تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے شہریوں کے محفوظ سفر کو یقینی بناتے ہوئے اورسفری سہولیات فراہم کی جائیں۔تفصیلات کے مطابق اسلام آبادکیپیٹل سٹی پولیس آفیسرڈاکٹر اکبر ناصر خاں کی خصوصی ہدایت پروفاقی دارالحکومت میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے،شہریوں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمدکو یقینی بنانے کیلئے اسلام آباد کیپیٹل پولیس ہمہ وقت مصر وف عمل ہے

اس سلسلے میں پبلک سروس گاڑیوں کے متعلق شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لئے خصوصی انفورسمنٹ اسکوا ڈ زتشکیل دیئے گئے ہیں اور تما م زونل ڈی ایس پیز کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی کہ شہریوں کے ساتھ بد سلوکی،بغیر روٹ پرمٹ اور خواتین کے لئے مقرر کردہ سیٹ پر مرد حضرات کو بٹھانے والی پبلک سروس گاڑیوں کے خلاف قانونی کاروائی کو مزید موثر اور یقینی بنایا جائے، اس مقصدکیلئے اسلام آباد کی مختلف شاہراﺅں اور چوکوں پر تعینات اسپیشل انفورسمنٹ اسکواڈز ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالی خصوصی طور پرپبلک سروس گاڑیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لا رہے ہیں جن کو مزید فعال کردیا گیا ہے

اس سلسلے میں چیف ٹریفک آفیسر اسلام آبادڈاکٹر سید مصطفی تنویر نے کہا کہ متعدد بار ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پرپبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کا روٹ پرمٹ کینسل کرنے کی سفارش کی جائے ،ان کاروائیوںکا مقصد شہریوں کی شکایات کا ازالہ کرنا ہے،شہریوں کی جانب سے زائد کرایہ کے متعلق شکایات کے ازالے کے لئے ٹرانسپورٹرز کو کرایہ نامہ آویزاں کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں، ٹرانسپورٹرز مقرر کردہ کرایہ کی وصولی کو یقینی بنائیں بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی،شہری زائد کرایہ یا دیگر شکایات سے متعلق اسلام آباد کیپیٹل پولیس کی ہیلپ لائن ” پکار- 15 ” پر درج کرا سکتے ہیں۔