ٹریکٹر ٹرالی ، واٹر ٹینکر ،ڈمپر سمیت تمام ہیوی ٹرانسپورٹ کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا آغاز، سی ٹی او راولپنڈی بینش فاطمہ

راولپنڈی(کرائم رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کا ٹریکٹر ٹرالی ، واٹر ٹینکر ،ڈمپر سمیت تمام ہیوی ٹرانسپورٹ کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا آغاز۔ تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ کی ہدایت پر بغیر ڈرائیونگ لائسنس، بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ اور دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے واٹر ٹینکرز، ڈمپرز اور دیگر ہیوی ٹرانسپورٹ کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، یہ اقدامات سڑکوں پر حادثات کی روک تھام اور عوام الناس کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے اٹھائے جا رہے ہیں، سٹی ٹریفک پولیس کی ٹیمیں شہری اور دیہی علاقوں میں دن رات فیلڈ میں موجود ہیں اور بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ و لائسنس یا غیر قانونی طور پر چلنے والے ہیوی ٹرانسپورٹ کو چیک کر رہی ہیں ، ان گاڑیوں کو فوری طور پر روکا جا رہا ہے اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے.

چیف ٹریفک آفیسر نے ہدایات جاری کی ھیں کہ ایسی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جن کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہو یا حادثات کا خطرہ بڑھ رہا ہو، ٹریفک اہلکاروں کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا نرمی نہ برتی جائے، شہریوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے پڑتال کے دوران بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ و ڈرائیونگ لائسنس، غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ، اوورلوڈنگ سمیت دیگر خلاف ورزیوں میں ملوث گاڑیوں کو فوری طور پر چالان کیا جا رہا ہے، یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ایسی گاڑیاں جو ٹریفک قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کرتی ہیں ان کے ڈرائیورز اور مالکان کے خلاف چالان کے ساتھ ساتھ ایف آئی آر کا بھی اندراج کیا جائے، یہ اقدام شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے انتہائی ضروری ہے.

ڈرائیورز اور مالکان سے گزارش ہے کہ قوانین کی پاسداری کریں اور اپنی گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ اور ڈرائیورز کے معقول ڈرائیونگ لائسنس کو یقینی بنائیں،بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ یا غیر موزوں لائسنس پر گاڑیاں نہ چلائیں تا کہ نہ صرف اپنی بلکہ دیگر شہریوں کی حفاظت بھی یقینی بنائی جا سکے، سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی عوام کے تحفظ کے لئے اپنے فرائض کی انجام دہی میں ہمیشہ پیش پیش ہے اور ان اقدامات کا مقصد سڑکوں کو محفوظ بنانا اور حادثات سے پاک کرنا ہے۔