2024 ، 185 بڑے منشیات فروشوں و سمگلرز کو عدالت سے سزائیں، راولپنڈی پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف تاریخی کارکردگی

راولپنڈی(کرائم رپورٹر) راولپنڈی پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف 2024 میں تاریخی کارکردگی،سال 2024 میں 185 بڑے منشیات فروشوں و سمگلرز کو معزز عدالت سے سزائیں، دو سال میں 332 منشیات فروشوں اور سمگلرز کو سزائیں سنائی گئیں،سزا پانے والے منشیات فروشوں میں سے بیشتر نے تعلیمی اداروں اور نوجوانوں کو منشیات سپلائی کا انکشاف کیا، مجرمان کو مجموعی طور پر 2 کروڑ 16 لاکھ 27 ہزار جرمانہ بھی ہوا، سزا پانے والوں میں 10 لیڈی منشیات فروش و سمگلر بھی شامل ہیں، سزا پانے والی خواتین میں انٹرنیشنل لیڈی سمگلر بینش عرف مونا کو 14 سال قید اور 5 لاکھ جرمانہ کی سزا سنائی گئی، مجرمہ نے بیرون ملک منشیات سپلائی کا بھی انکشاف کیا، سب سے زیادہ سزائیں پوٹھوہار ڈویژن کے مقدمات میں ہوئیں جبکہ تھانوں میں رتہ امرال سر فہرست رہا، تھانہ ٹیکسلا کے مقدمہ میں منشیات فروش وقار کو 20 سال سزا سنائی گئی، مجرم سے 10 کلو چرس برآمد ہوئی تھی، روات کے مقدمہ میں مجرم سرفراز کو 16 سال قید سنائی گئی، مجرم سے 1530 گرام چرس اور 430 گرام آئس برآمد ہوئی تھی، 7 منشیات فروشوں کو 14 سال،11 منشیات فروشوں کو 12 سال اور 6 کو 10 سال قید کی سزا سنائی گئی.

131 منشیات فروشوں کو 9 سال قید کی سزا سنائی گئی،ایک مجرم کو 7 سال، 2 مجرمان کو 5 سال، 4 مجرمان کو 4 سال جبکہ 30 دیگر کو 3 سال تک کی سزائیں ہوئیں، سال 2024 میں راولپنڈی پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 2500 مقدمات درج کر کے منشیات فروشوں کو گرفتار کیا، 2024 میں منشیات فروشوں سے 1500 کلو سے زائد چرس، 50 کلو سے زائد ہیروئن، 20 کلو سے زائد افیون، ساڑھے 5 کلو آئس اور 15000 لٹر سے زائد شراب برآمد ہوئی، منشیات فروشوں کی سزایابی کے لئے ایس پی انویسٹی گیشن، ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، تفتیشی افسران اور ڈی ایس پی لیگل و ٹیم خصوصی محنت کر رہے ہیں،سی پی او سید خالد ہمدانی کا کہنا تھا کہ بڑے منشیات فروشوں کی سزایابی اہم کامیابی ہے، نوجوان نسل کو تباہی کی جانب دھکیلنے والے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔