راولپنڈی(کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کی طرف سے بارانی یونیورسٹی میں طالبات کے لئے ڈرائیونگ سکول کا قیام۔ تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ کی خصوصی ہدایت پر پیر مہر علی شاہ ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی میں زیر تعلیم طالبات کے لئے سٹی ٹریفک پولیس،راولپنڈ ی کا ڈرائیونگ ٹریننگ سکول قائم کیا گیا ہے، اس ڈرائیونگ ٹریننگ سکول کے قیام کا مقصد طالبات کو ان کے تعلیمی ادارے کے اندر ہی محفوظ، آسان، اور پیشہ وارانہ تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ نہ صرف ایک ذمہ دار ڈرائیور بن سکیں بلکہ ٹریفک قوانین پر عمل کرتے ہوئے حادثات سے بھی محفوظ رہیں.
اور ایسی تمام طالبات جو پڑھائی کے ساتھ ڈرائیونگ ٹریننگ سکول جا کر ڈرائیونگ سیکھنے سے قاصر ھیں وہ بالخصوص اس سہولت سے مسفید ھوں، یہاں قائم ڈرائیونگ ٹریننگ سکول کا پہلا بیچ کا آغاز ہو چکا ہے،جس میں 28 طالبات ڈرائیونگ کی تربیت حاصل کر رھی ہیں، جنہیں ماہر خواتین انسٹرکٹرز کی زیرِ نگرانی جدید اور محفوظ طریقوں سے ڈرائیونگ کی تربیت دی جا رہی ہے،چیف ٹریفک آفیسر بینش فاطمہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام طالبات کو ایک ایسا محفوظ اور معاون ماحول فراہم کرنے کے لیے ہے جہاں وہ ڈرائیونگ کے اصول سیکھ کر خود مختار بن سکیں، یہ منصوبہ نہ صرف ڈرائیونگ ٹریننگ کی سہولت ہے بلکہ سیکھنے والوں کو ٹریفک قوانین کے حوالے سے باشعور بنانے کی بھی ایک اہم کوشش ہے۔ سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی خواتین کو خود مختار بنانے اور ٹریفک کی بہترین مینجمنٹ کے لیے اپنے مشن پر گامزن ہے، اس اقدام کو عوامی سہولت اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کے لیے ایک سنگ میل قرار دیا جا سکتا ہے۔