اسلام آباد(کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی اسلام آباد سید علی رضا کا زیر تفتیش مقدمات کے حوالے سے میٹنگ کا انعقاد،مو ثر تفتیش ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے اور شہریوں کو انصاف فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر تی ہے، پولیسنگ کو بہتر بنانے کے لئے روائتی تفتیش کے ساتھ ٹیکنالوجی کے استعمال کو بھی مد نظر رکھی ، تفصیلات کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی رضا نے راہزنی اور دیگر سنگین جرائم کے زیر تفتیش مقدمات کے حوالے سے میٹنگ کا انعقادکیا،میٹنگ میں زونل ایس پیز،ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران نے شرکت کی، ڈی آئی جی اسلام آباد نے راہزنی اور دیگر سنگین جرائم کے زیر تفتیش مقدمات کا جائزہ لیا.
انہوں نے ناقص کارکردگی پر تفتیشی افسران کو سزائیں اور اچھی کارکردگی پر تعریفی اسناد اور نقد انعامات سے نوازا،انہوں نے افسران کو ہدایا ت جا ری کر تے ہوئے کہا کہ زیر تفتیش مقدما ت کو میرٹ پر یکسو کرکے ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان مجاز عدالتوں میں بھجوائیں اور مجرمان کو زیادہ سے زیادہ عدالتوں سے سزائیں دلوائیں، جرائم پیشہ گروہوں کے عدم گرفتار ارکان کی گرفتاریاں یقینی بنائی جائیں،انہوں نے مزید کہا کہ اشتہاری ملزمان کی زیادہ سے زیادہ گرفتاریاں کی جائیں، شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اس میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی.