یکم فروری 2025 سے ہیلمٹ کا استعمال لازمی I پیچھے بیٹھے شخص کے لیے بھی ہیلمٹ ضروری۔ سٹی ٹریفک پولیس

راولپنڈی(کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے موٹر سائیکل سواروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہیلمٹ کے استعمال سے متعلق ایک جامع آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس مہم کا مقصد نہ صرف شہریوں کو ٹریفک قوانین کی پاسداری پر آمادہ کرنا ہے بلکہ دونوں سواروں کے تحفظ کو یقینی بنانا بھی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب کے ویژن پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ نے راولپنڈی شہر میں یکم فروری 2025 سے موٹر سائیکل سوار اور ساتھ بیٹھے ھوۓ شخص کے لیے ہیلمٹ کا استعمال کو لازمی قرار دیا ھے اس سلسلہ میں ایک آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا ھے اور یکم فروری سے اس پر سختی سے عملدر آمد کروایا جاۓ گا،اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل سواروں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مہم کے ذریعے نہ صرف موٹر سائیکل چلانے والے بلکہ پیچھے بیٹھے ھوۓ شخص کے لئے بھی ہیلمٹ کے استعمال اور دیگر حفاظتی اقدامات اپنانے کی اہمیت سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ اقدام نہ صرف حادثات کی روک تھام کے لیے ضروری ہے.

بلکہ شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کو بھی یقینی بناتا ہے،اس آگاہی مہم کے دوران سوشل میڈیا پیجز (@ctprwp)، سرکل آفیسرز، سیکٹر انچارجز اور فیلڈ سٹاف کے ذریعے عوام تک یہ پیغام پہنچایا جا رہا ہے کہ دونوں موٹر سائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ پہننا لازمی ہوگا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف یکم فروری سے سخت کارروائی کی جائے گی جس کا جرمانہ 2000 روپے ہے اور جرمانے کے ساتھ ساتھ موٹر سائیکلز کو تھانہ جات میں بند بھی کیا جاۓ گا سٹی ٹریفک پولیس نے عوام کو اس اقدام کے فوائد اور اس کی اہمیت سے آگاہ کرنے کے لیے خصوصی مہمات کا آغاز کیا ہے، فیلڈ اسٹاف شہریوں کو براہ راست آگاہ کر رہا ہے، جبکہ سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے سوشل میڈیا (@ctprwp)پر معلوماتی مواد اور ویڈیوز کے ذریعے پیغام کو وسیع پیمانے پر پھیلایا جا رہا ہے ، چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی اور اپنے پیاروں کی حفاظت کے لیے قوانین کی پاسداری کریں، انہوں نے کہا کہ ہیلمٹ کا استعمال نہ صرف ایک قانونی ضرورت ہے.

بلکہ یہ زندگی بچانے کے لیے ایک لازمی اقدام ہے،آگاہی مہم کے دوران شہریوں کو یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس نہ صرف قوانین کے نفاذ پر زور دے رہی ہے بلکہ عوامی سہولت کے لیے تربیتی پروگرامز اور آگاہی مہمات کا سلسلہ بھی جاری رکھے گی، چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی نے واضح کیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو جرمانے کرنا نہیں بلکہ ان کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے، سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی عوام کے تعاون سے ایک محفوظ اور منظم ٹریفک نظام قائم کرنے کے لیے پرعزم ہے، یہ مہم شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ایک اہم قدم ہے اور راولپنڈی کے شہریوں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اس اقدام میں سٹی ٹریفک پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔