راولپنڈی(کرائم رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت تجاوزات اور غلط پارکنگ کے خاتمے کے لیے بھرپور کارروائیاں کیں۔ تفصیلات کے مطابق رواں ماہ میں متعلقہ اداروں کے تعاون سے شہر بھر بالخصوص سٹی اور کینٹ کے علاقوں میں انسداد تجاوزات مہم کامیابی کیساتھ جاری ہے، انسداد تجاوزات کی اس مہم کے دوران راجہ بازار، لیاقت روڈ، اقبال روڈ، تلواڑاں بازار، نمک منڈی، گنج منڈی، باڑہ بازار، کالج روڈ، سٹی صدر روڈ ، ڈھوک رتہ اور چاہ سلطان جیسے اہم علاقوں میں تجاوزات اور غلط پارکنگ کے خلاف بھرپور کارروائیاں عمل میں لائی گئیں، جبکہ کینٹ کے علاقے احاطہ مٹھو خان، ریلوے روڈ، اور صادق آباد کے علاقہ 8 نمبر چونگی سے کھنہ پل تک ٹریفک کے بہاؤ میں خلل ڈالنے والی تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ھوۓ سڑک کو کلئیر کروایا گیا،کارروائی کے دوران قانونی اقدامات اٹھاتے ہوئے تقریباً 700 سے زائد گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی گئی جبکہ 30 سے زائد دکانداروں کیخلاف ایف آئی آرز کا اندراج بھی کروایا گیا.
تاکہ تجاوزات اور غیر قانونی پارکنگ کے خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے،چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ نے واضح کیا کہ شہر کی گزرگاہوں کو کشادہ رکھنے اور شہریوں کے لیے سہولت فراہم کرنے کے لیے یہ کارروائیاں جاری رہیں گی، انہوں نے کہا کہ شہریوں کا تعاون اس مہم کی کامیابی میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے عوام کی ذمہ داری بھی اتنی ہی اہم ہے جتنی اداروں کی، اس مہم کے دوران شہریوں کو آگاہی دینے کے لیے بھی اقدامات کیے گئے تاکہ وہ راستوں پر دوبارہ تجاوزات قائم کرنے سے گریز کریں۔ “ٹریفک چلے گی تو کاروبار بھی چلے گا” کے عزم کے تحت اس بات پر زور دیا گیا کہ صاف اور کشادہ راستے نہ صرف آمد و رفت کو بہتر بناتے ہیں بلکہ تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیتے ہیں، سٹی ٹریفک پولیس نے تمام تاجروں اور شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور کشادہ راستوں پر دوبارہ تجاوزات قائم کرنے سے باز رہیں، تجاوزات کے خاتمے سے نہ صرف ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی بلکہ عوام الناس کی زندگی بھی آسان اور شہر کا حسن دوبالا ہو گا.
،چیف ٹریفک آفیسر نے انسداد تجاوزات مہم میں حصہ لینے والے تمام ٹریفک سٹاف اور متعلقہ اداروں کی محنت اور خدمات کو سراہا، انہوں نے کہا کہ یہ مہم راولپنڈی شہر کو ایک جدید اور صاف ستھرا شہر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے اور اس کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا،سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی عوام کے تعاون سے شہر کو تجاوزات سے پاک اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی، یہ اقدامات شہریوں کی سہولت اور شہر کی ترقی کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔