ٹریفک کی روانی میں بہتری کے لیے تجاوزات اور غیر قانونی پارکنگ کے خلاف مہم جاری،بینش فاطمہ

راولپنڈی (کرائم رپورٹر) چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ کا راجہ بازار اور اس کے ملحقہ علاقوں کا دورہ۔تفصیلات کے مطابق سی ٹی او راولپنڈی نے تجاوزات اور غلط پارکنگ کے خلاف جاری مہم کا جائزہ لینے کے لیے فوارہ چوک، امپیریل مارکیٹ، گنج منڈی روڈ، ہیملٹن روڈ، نمک منڈی، نسواری بازار اور ڈنگی کھوئی اور دیگر ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا ، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی اور سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی بھی موجود تھے،دورے کا بنیادی مقصد تجاوزات، غلط پارکنگ اور غیر قانونی اسٹینڈز کے خاتمے کو یقینی بنانے کیلئے لائحہ عمل تیار کرنا تھا تاکہ ٹریفک کی روانی میں بہتری لائی جا سکے اور عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے، چیف ٹریفک آفیسر نے اس امر پر زور دیا کہ غیر قانونی تجاوزات کو فوری طور پر ہٹایا جائے اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے.

راجہ بازار اور دیگر مصروف علاقوں میں تجاوزات کی وجہ سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ شہریوں کو روزمرہ کی نقل و حرکت میں بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، سی ٹی او راولپنڈی بینش فاطمہ نے واضح کیا کہ تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور مستقل حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے گی،اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی اور سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے بھی عوامی سہولت کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں، غیر قانونی اسٹینڈز اور غلط پارکنگ کے خلاف سخت ایکشن لینے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ پیدل چلنے والوں اور ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹیں ختم کی جا سکیں، چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سڑکوں پر تجاوزات قائم کرنے سے اجتناب کریں اور اپنی گاڑیاں مقررہ پارکنگ ایریاز میں کھڑی کریں تاکہ شہر کی سڑکوں کو صاف اور ٹریفک کو رواں دواں رکھا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے تعاون کے بغیر تجاوزات اور غلط پارکنگ جیسے مسائل کا مستقل حل ممکن نہیں ہے،تجاوزات کے خلاف جاری اس مہم کے دوران سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کر رھی ھے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جرمانے اور قانونی کارروائی بھی کی جا رہی ہے، عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا اور کسی کو بھی غیر قانونی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی، سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کا مقصد نہ صرف قوانین پر عملدرآمد کرانا ہے بلکہ شہریوں میں ٹریفک شعور بھی پیدا کرنا ہے،اس لیے آگاہی مہم بھی جاری رہے گی تاکہ شہری اپنی ذمہ داری کو سمجھیں اور ٹریفک نظام کی بہتری میں اپنا کردار ادا کریں، سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی عوام الناس سے اپیل کرتی ہے کہ تجاوزات اور غلط پارکنگ سے گریز کریں ، قوانین کی پاسداری کریں اور اپنے شہر کو بہتر بنانے میں ہمارا ساتھ دیں۔