راولپنڈی(کرائم رپورٹر) چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ کی ہدایت پر رواں ہفتہ بائیکیا رائیڈرز میں ڈبل ہیلمٹ کے استعمال کے حوالے سے آگاہی کے لیے مخصوص کیا گیا ہے۔ اس مہم کا مقصد بائیکیا رائیڈرز اور ان کے مسافروں کو محفوظ سفری ماحول فراہم کرنا اور حادثات کی روک تھام کو یقینی بنانا ہے،سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے ایجوکیشن ونگ کی جانب سے اس مہم کے تحت روزانہ کی بنیاد پر ورکشاپس کا انعقاد ٹریفک ہیڈکوارٹرز میں کیا جا رہا ہے، ان ورکشاپس میں بائیکیا رائیڈرز کو ٹریفک قوانین، ہیلمٹ کے لازمی استعمال، اور محفوظ ڈرائیونگ کے اصولوں پر تربیت دی جا رہی ہے، چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ نے کہا کہ بائیکیا رائیڈرز روزانہ ہزاروں شہریوں کو سفری سہولت فراہم کرتے ہیں، اس لیے ان کی حفاظت اور شعور اجاگر کرنا نہایت ضروری ہے.
انہوں نے مزید کہا کہ دو سواروں کے لیے ہیلمٹ کا استعمال قانونی تقاضہ ہے اور اس پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے گا،اس مہم کے دوران بائیکیا رائیڈرز کو عملی تربیت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ دورانِ سفر اپنی اور اپنے مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنا سکیں، ماہر انسٹرکٹرز انہیں بتا رہے ہیں کہ ہیلمٹ کس طرح جان لیوا حادثات میں زندگی کی حفاظت کر سکتا ہے اور کس طرح ذمہ دارانہ ڈرائیونگ سے حادثات کی شرح کو کم کیا جا سکتا ہے،سٹی ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بائیکیا سروس استعمال کرتے وقت ڈرائیور اور خود بھی ہیلمٹ پہننے کو یقینی بنائیں،اس مہم کا ایک اہم مقصد عوام میں یہ شعور بیدار کرنا ہے کہ احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کرنے سے نہ صرف ان کی جان خطرے میں پڑ سکتی ہے بلکہ وہ قانونی کارروائی کا سامنا بھی کر سکتے ہیں،اس مہم کے دوران سوشل میڈیا(CTPRWP@)، ٹریفک سرکل آفیسرز، اور فیلڈ سٹاف کی مدد سے بھی بائیکیا رائیڈرز میں شعور اجاگر کیا جا رہا ہے۔ مختلف ٹریفک پوائنٹس پر موجود افسران بائیکیا رائیڈرز کو روک کر انہیں ہیلمٹ کے فوائد اور اس کے لازمی استعمال کے بارے میں آگاہ کر رہے ہیں.
ٹریفک قوانین کی پاسداری نہ صرف جرمانوں سے بچنے کے لیے ضروری ہے بلکہ یہ ہر شہری کی جان کی حفاظت کے لیے بھی لازم ہے،ورکشاپس میں بائیکیا رائیڈرز کو یہ بھی سکھایا جا رہا ہے کہ وہ دوران سفر موبائل فون کے استعمال سے گریز کریں، تیز رفتاری سے بچیں، اور ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کریں، یہ تمام اقدامات حادثات کی روک تھام اور سفری سہولت کو مزید محفوظ بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں، سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے واضح کیا ہے کہ یہ آگاہی مہم محض ایک ہفتے تک محدود نہیں رہے گی بلکہ آئندہ بھی اسی نوعیت کی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ بائیکیا رائیڈرز اور دیگر موٹر سائیکل سواروں کو مکمل طور پر محفوظ سفر کے لیے تیار کیا جا سکے،یہ مہم سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے اس عزم کا حصہ ہے کہ شہر میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے اور ہر شہری کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ عوام سے درخواست ہے کہ وہ اس اقدام میں بھرپور تعاون کریں اور راولپنڈی کو ایک محفوظ اور منظم ٹریفک والا شہر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں