آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا افسران کو جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاﺅن یقینی بنانے کے احکامات

اسلام آباد(کرائم رپورٹر) آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا افسران کو جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاﺅن یقینی بنانے کے احکامات،آئی جی اسلا م آباد نے اسلام آباد پولیس کے تمام ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ لیا،انہوں نے افسران کو تفویض کردہ اہم ٹاسکس پر عملدرآمد کا جائزہ لیا،افسران کو عوامی سہولیات کے لئے بھرپور اقدامات اٹھانے اور جرائم پیشہ عناصر کے انسداد کے ساتھ شہر یوں کو بھرپور تحفظ کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹرجنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں اہم اجلاسوں کا انعقاد کیا گیا،جن میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز سید علی رضا ،ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق اور ڈی جی سیف سٹی شاکر حسین داوڑ سمیت دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی .

آئی جی اسلام آباد نے تمام ڈویژنز کی کارکردگی سمیت افسران کو تفویض کردہ اہم ٹاسکس پر عملدرآمد کا جائزہ لیااور افسران کو اپنے ڈویژنز کی کارکردگی کو مزید موثر بنانے کے احکامات جاری کئے،انہوں نے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشی میں ملوث مجرمان کے خلاف جاری کریک ڈاﺅن میں مزید تیزی لائی جائے،اشتہاری ،عدالتی اور عادی مجرمان سمیت سابقہ ریکارڈ یافتہ مجرمان کی گرفتاریاں عمل میں لائیں جائیں،مقدمات کی تفتیش کو جلد از جلد یکسو کرتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کو کڑی سزائیں دلوائیں جائیں،شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر موثر ناکہ بندی کے ساتھ سرویلنس بھی عمل میں لائی جائے،آئی جی اسلام آباد نے سکیورٹی ڈویژن اور ذیلی یونٹس کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا.

انہوں نے افسران کو ریڈ زون کی موثر سکیورٹی کویقینی بنانے کے احکامات جاری کئے،سپیشل پروٹیکشن یونٹ اور ریڈ زون کمانڈوز کی استعداد کار کو بڑھایا جائے ،ریڈزون میں موجود اہم سرکاری عمارات ،سفارت خانوں اور دیگر املاک کی بھرپورسکیورٹی عمل میں لائی جائے،ڈپلومیٹک انکلیو میں واقع کیس کیڈ خدمت مرکز پر غیر ملکی شہریوں کو پولیس کی تمام خدمات مہیا کی جائیں ،آئی جی اسلام آباد نے سیف سٹی اسلام آباد کی کارکردگی کا جائزہ لیا،انہوں نے افسران کو سیف سٹی کیمروں کی استعداد کار بڑھانے، شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور اہم مقامات کی موثر نگرانی کو عمل میں لانے ،سیف سٹی ای چالان اور دیگر شعبہ جات کی پرفارمنس کو مزید بہتر بنانے کے ا حکامات جاری کئے