اسلام آباد (کرائم رپورٹر)آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت چیمپیئنز ٹرافی کی سکیورٹی ،سیف سٹی اسلام آباد اور اسلام آباد پولیس کے ترقیاتی پراجیکٹس کی کارکردگی کا جائزہ ۔آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران کو فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے ،سیف سٹی اسلام آباد کی کارکردگی اور استعداد کار کو بڑھانے اور اسلام آباد پولیس کے جاری مختلف ترقیاتی پراجیکٹس کو بروقت مکمل کرنے کے احکامات جاری کئے،تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوئے،جن میں ڈی جی سیف سٹی شاکر حسین داوڑ ،ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز /سکیورٹی سید علی رضا ،سی ٹی او اسلام آباد ،ایس ایس پیز ،ایس پیز اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی.
اجلاس میں چیمپئنز ٹرافی کے دوران کرکٹ ٹیموں کی بھرپور سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کا جائز ہ لیا گیا،آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران کو ہدیات دی کہ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی سے فول پروف سکیورٹی اور معلومات کے تبادلے کو یقینی بنایا جائے ،کرکٹ ٹیموں کے آمد و رفت کے دوران روٹس کی نگرانی جدید ٹیکنالوجی اور ڈرونز کے ذریعے کی جائے ،انہوں نے سینئر پولیس افسران کو ملکی و غیر ملکی شخصیات و مہمانان کی نقل و حرکت، رہائش گاہوں اور روٹس کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے ساتھ شہر میں بلا تعطل ٹریفک روانی کیلئے منظم پلان ترتیب دینے کے احکامات جاری کئے.
آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران کو ہدایات دیں کہ دورہ کرکٹ ٹیم سے پہلے ضلع بھر میں سرچ آپریشنز کئے جائیں ، سپیشل برانچ معلومات اکٹھی کرکے متعلقہ حکام تک پہنچانے کو یقینی بنائے ، افسران ڈیوٹی بھیجنے سے پہلے اہلکاروں کو ڈیوٹی کی نوعیت کے بارے میں بریف کریں گے اور بہترین اور تربیت یافتہ عملے کو ڈیوٹی پر تعینات کیا جائے ، اسلام آباد پولیس ملکی وقار اور تشخص کوبرقرار رکھنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی اورچیمپئنز ٹرافی کے دوران بھرپورسکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے کو ئی کسر نہیں چھوڑے گی،آئی جی اسلام آباد نے اسلام آباد پولیس میں جاری مختلف ترقیاتی پراجیکٹس کا بھی جائزہ لیا، اس موقع پر سینئر پولیس افسران نے جاری ترقیاقی پراجیکٹس پر تفصیلی بریفنگ دی، آئی جی اسلام آباد نے افسران کو ترقیاتی پراجیکٹس کو پیشہ وارانہ انداز میں بروقت مکمل کرنے کے احکامات جاری کئے.
آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت سیف سٹی پروجیکٹ کی کارکردگی کے حوالہ سے اجلاس منعقد ہوا ،جس میںجرائم کے انسداد ، حساس مقامات کی مانیٹرنگ، مشکوک افراد و مشکوک سرگرمیوں کی نشان دہی اور سیف سٹی کنٹرول روم اور پولیس کے مابین فوری اور موثر پیغام رسانی جیسے اہم امور زیر غور لائے گئے ،آئی جی اسلام آباد نے سینئر پولیس افسران کو تمام ممکنہ وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے سیف سٹی پروجیکٹ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔