راولپنڈی(کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں 23 فروری تا 27 فروری 2025 تک چیمپیئنز ٹرافی کرکٹ میچز کے حوالے سے شہریوں اور شائقین کرکٹ کی سہولت کیلئے جامع اور منظم ٹریفک پلان جاری کر دیا۔ کرکٹ میچز کے دوران ٹریفک پولیس کے367افسران و جوان ٹریفک ڈیوٹی سرانجام دیں گے،دوران میچز و موومنٹ ٹریفک کو متبادل راستوں پر رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔شہریوں کی رہنمائی کیلئے شاہراہوں پر متبادل روٹس و پارکنگ کے حوالے سے آگاہی بینرز آویزاں کرنے کے ساتھ ساتھ آفیشل پیجز @ctprwpاور ایف ایم ریڈیو اسٹیشن کے ذریعے ٹریفک صورتحال کے متعلق لمحہ با لمحہ آگاہی بھی فراہم کی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈ ی نے 23 فروری تا 27 فروری 2025 ڈبل روڈ کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں چیمپینئز ٹرافی کرکٹ میچز کے دوران شہریوں کو ٹریفک کی بہترین سہولیات فراہم کرنے، پارکنگ و ٹریفک کو متبادل راستوں پر رواں دواں رکھنے کے حوالے سے جامع اور منظم ٹریفک پلان جاری کر دیا۔اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ کا کہنا تھا کہ کرکٹ میچز کے دوران ٹریفک پولیس کے 367سے زائد افسران و اہلکاران سپیشل ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے.
جن میں 01 سینیئر ٹریفک آفیسر ، 08 ڈی ایس پیز /سرکل انچارجز،40انسپکٹرز/سیکٹر انچارجز،317 ٹریفک وارڈنز وجوان شامل ہیں۔دوران میچز کرکٹ ٹیموں کی موومنٹ کے دوران ٹریفک کو متبادل راستوں پر رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کرتے ہوئے اضافی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں اور پانچ مختلف جگہوں پر پارکنگ کی سہولیات فراہم کی گئی ہے،پارکنگ ایریا سے اسٹیڈیم تک رسائی کیلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شٹل سروس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔کرکٹ ٹیموں کی سٹیڈیم آمد اور روانگی کے وقت مری روڈ کو فیض آباد سے ڈبل روڈ ٹرن تک مکمل طور پر بند کیا جائے گا اس دوران اسلام آباد سے آنے والی ٹریفک کو فیض آباد سے ایکسپریس وے کی جانب ڈائیورٹ کیا جائیگا جبکہ راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک تین مختلف مقامات چاندنی چوک ، رحمان آباد اور 6thروڈ چوک سے براستہ سید پور روڈ اسلام آباد میں داخل ہو سکے گی جبکہ غوثیہ چوک سے آنے والی ٹریفک کو براستہ فاروق اعظم روڈ، کری روڈ کی طرف ڈائیورٹ کیا جائے گا ، دوران میچ اسٹیڈیم روڈ 9th ایونیو چوک سے ڈبل روڈ ٹرن تک دونوں اطراف سے ٹریفک کیلئے مکمل طور پر بند ہو گی۔ اس دوران اسلام آباد 9th ایوینیو سے آنے والی ٹریفک براستہ فیض آباد ایکسپریس وے اور IJP روڈ سے پنڈورہ چونگی، کٹاریاں، کیرج فیکٹری،پیر ودہائی موڑ،چک مدد سے راولپنڈی میں داخل ہو سکے گی جبکہ راولپنڈی سے ڈبل روڈ براستہ 9th ایونیواسلام آباد جانے والی ٹریفک براستہ مری روڈ فیض آباد سے اسلام آباد داخل ہو سکے گی۔
اس مو قع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ کا کہنا تھا کہ دوران میچ شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کو متبادل راستوں پر رواں دواں رکھنے کیلئے راولپنڈی کی اہم شاہراہوں متبادل راستوں اور پارکنگ کے حوالے سے آگاہی بینرز بھی آویزاں کیے جائیں گے تا کہ شہری اس سے بھر پور استفادہ کریں،سی ٹی او بینش فاطمہ نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا پیجز @ctrwp اورایف ایم ریڈیو اسٹیشن کے ذریعے بھی شہریوں کو ڈائیورشن پوائنٹس اورٹریفک صورتحال کے متعلق بھی لمحہ با لمحہ آگاہی فراہم کی جائیگی ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی بلا رکاوٹ روانی کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے،ٹیموں کی سیکیورٹی اور شہر میں ٹریفک کی بلا تعطل روانی سیکیورٹی اداروں و ٹریفک پولیس سے زیادہ شہریوں کے تعاون سے مشروط ہے۔