راولپنڈی(کرائم رپورٹر)تھانہ ایئرپورٹ کی حدود میں دن دیہاڑے ڈکیتی، پولیس تاخیر سے پہنچی ،راولپنڈی کے تھانہ ایئرپورٹ کی حدود میں ہائی کورٹ روڈ پر واقع مدینہ جیولرز میں دن دیہاڑے ڈکیتی کی بڑی واردات ہوئی، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آ گئی ہے۔ تین رکنی مسلح ڈکیت گروہ نے دکان پر دھاوا بول دیا اور دکانداروں اور گاہکوں کو پندرہ منٹ تک یرغمال بنائے رکھا ، ڈکیت گروہ بیس لاکھ روپے مالیت کا سونا اور موبائل فونز لوٹ کر فرار ہوگیا۔ واردات کے دوران ڈاکوؤں نے دکاندار کو زدوکوب بھی کیا۔ حیران کن طور پر یہ واقعہ تھانہ ایئرپورٹ اور پولیس چوکی گلریز کے چند گز کے فاصلے پر پیش آیا، لیکن پولیس اطلاع ملنے کے باوجود جائے وقوعہ پر دو گھنٹے تاخیر سے پہنچی۔
عینی شاہدین کے مطابق مسلح ملزمان اطمینان سے لوٹ مار کرتے رہے اور کسی نے انہیں روکنے کی ہمت نہ کی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزمان نقاب پوش تھے اور ان کے ہاتھوں میں جدید آتشیں اسلحہ تھا ،پولیس کی جانب سے واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے، تاہم تاخیر سے پہنچنے پر اہل علاقہ نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے سخت سے سخت سزا دی جائے.