لاہور(کرائم رپورٹر) لمز یونیورسٹی اور اٹلس ہنڈا کے اشتراک سے روڈ سیفٹی کے حوالے سے ایک خصوصی تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں خواتین کو موٹرسائیکل اور گاڑی چلانے کے دوران حفاظتی تدابیر اپنانے کی عملی تربیت دی گئی۔ اس سیشن میں خصوصی طور پر رائیڈنگ سیمولیٹر کا استعمال کیا گیا، جس کے ذریعے شرکاء کو حقیقت سے قریب تر ڈرائیونگ تجربہ فراہم کیا گیا تاکہ وہ سڑکوں پر درپیش چیلنجز کا بہتر سامنا کر سکیں۔
یہ ٹریننگ نہ صرف خواتین کے لیے ایک نیا تجربہ تھی بلکہ انہیں محفوظ اور پراعتماد ڈرائیونگ کے اصولوں سے بھی روشناس کرایا گیا۔ ٹریننگ کے دوران حفاظتی ہیلمٹ کے درست استعمال، بریکنگ ٹیکنیکس، اور مشکل حالات میں فوری ردِعمل دینے کے طریقے سکھائے گئے۔
لمز اور اٹلس ہنڈا کے اس مشترکہ اقدام کا مقصد خواتین میں روڈ سیفٹی کے شعور کو فروغ دینا اور انہیں خود مختار بنانے کی طرف ایک اہم قدم اٹھانا ہے۔ ٹریننگ کے آخر میں شرکاء نے اس تجربے کو نہایت مفید اور معلوماتی قرار دیا۔