موٹروے پر تیز رفتار ڈرائیوروں پر جرمانہ، گاڑی بند اور ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج ہوگا ۔آئی جی موٹروے رفعت مختار راجہ

اسلام آباد(کرائم رپورٹر)موٹروے پر تیز رفتار ڈرائیوروں پر جرمانہ، گاڑی بند اور ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج ہوگا آئی جی موٹروے کی ہدایت پر پولیس متحرک ہو گئی ، تفصیلات کے مطابق انسپیکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس رفعت مختار راجہ کی خصوصی ہدایت پر تیز رفتار ی کے خلاف خصوصی مہم کا اغاز کر دیا گیا ،

ہدایات کی روشنی میں موٹروے پر 150 کلومیٹر فی گھنٹہ یا اس سے تیز گاڑی چلانے والے ڈرائیوروں کے خلاف ایف ائی ار درج کر کے ڈرائیور کے خلاف مقدمہ قائم کیا جائے گا اور گاڑی کو بھی بند کر دیا جائے گا ۔ عمومی طور پر موٹروے پر کار جیپ اور ایل ٹی وی گاڑیوں کے لیے حد رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ اور ہیوی ٹرانسپورٹ وہیکل اور سواری والی گاڑیوں (پی ایس وی ) کے لیے 110 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر ہے جس کی خلاف ورزی پر کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی ۔واضح رہے کہ موٹروے پر ایسے مقامات بھی موجود ہیں جہاں حد رفتار مزید کم کر دی جاتی ہے جس کی نشاندہی ٹریفک سائن بورڈز کے ذریعے کر دی جاتی ہے ۔ یہ اقدامات حادثے میں کمی اور روڈ استعمال کرنے والوں کی حفاظت کو پیش نظر رکھتے ہوئے اٹھائے گئے ہیں ۔