اسلام آباد(کرائم رپورٹر)آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ ، آئی جی اسلام آباد نے افطار ،سحری اور نماز کے اوقات میں مساجد اورامام بارگاہوں کی سکیورٹی کو چیک کیا،ڈیوٹی پر مامور پولیس افسران سے ملے اور انہیں شاباش دی،مساجد ڈیوٹیز انتہائی اہمیت کی حامل ہیں،ان اوقات میں کوئی سینئر پولیس افسر گھر پر موجود نہ ہو،قبل ازیں آئی جی اسلام آباد نے سینئر پولیس افسران کے ہمراہ ناکہ زیروپوائنٹ پر پولیس افسران کے ساتھ روزہ بھی افطار کیا۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا،انہوں نے افطار ،سحری اور نماز کے اوقات میں مساجد اورامام بارگاہوں کی سکیورٹی کو چیک کیا،ڈیوٹی پر مامور پولیس افسران سے ملاقات کی اور انہیں شاباش دی،آئی جی اسلام آباد نے شہریوں کی حفاظت کے لئے الرٹ ڈیوٹی سرانجام دینے والے پولیس افسران کی حوصلہ افزائی کی،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینہ میں مساجد اور امام بارگاہوں کی ڈیوٹیز انتہائی اہمیت کی حامل ہیں،ان اوقات میں کوئی سینئر پولیس افسر گھر پر موجود نہ ہو،تمام ڈی آئی جیز، ایس ایس پیزاور ایس پیز خود فیلڈ میں نظر آئیں،فرائض میں ادائیگی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی .
انہوں نے سینئر پولیس افسران کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی ڈیوٹیز پر موجود تمام افسران کو بروقت ڈیوٹی پوائنٹس پر سحری و افطاری پہنچائی جائے،سخت موسم کے باوجود پولیس فورس کے یہ افسران عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لئے الرٹ کھڑے ہیں،اپنے بچوں سے دور ،ان پولیس افسران کی اصل عبادت ہی شہر اور شہریوں کی حفاظت ہے،تمام افسران اپنی ڈیوٹیوں کو عبادت سمجھ کر کریں ،مساجد اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی ڈیوٹی میں غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ،آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ناکہ زیروپوائنٹ پر پولیس افسران کے ساتھ افطاری کی،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میرے جوان اپنے بچوں سے دور دن رات الرٹ ہوکر عوام کے تحفظ پر مامور ہیں،میرا ہر جوان میری فیملی ہے اور ان کا خیال رکھنا میری ذمہ داری ہے،انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں تمام سینئر افسران ڈیوٹی پر مامور جوانوں کے ساتھ افطار کررہے ہیں،پولیس لائنز میں روزانہ 300 سے زائد جوانوں کے لئے افطار کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے،اسی طرح ٹریفک افسران اور ناکہ جات پر تعینات جوانوں کو بھی افطاری دی جارہی ہے۔