راولپنڈی(کرائم رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب کے خصوصی احکامات پر سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے کالے و رنگین شیشوں، ریوالونگ لائیٹس ، ہوٹر سائرنز اور غیرنمونہ نمبر پلیٹس کے استعمال کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا تفصیلات کے مطابق سی ٹی او راولپنڈی بینش فاطمہ کا کہنا تھا کہ کسی بھی پرائیویٹ گاڑی میں کالے یا رنگین شیشے، پردے، جالیاں، غیر قانونی ایمرجنسی لائٹس، ہوٹرز، سائرن، غیر نمونہ یا فینسی نمبر پلیٹس کے استعمال پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی.
اس سلسلہ میں چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ نے واضح ہدایات دیتے ہوۓ مزید کہا کہ شہر بھر میں ٹیمیں متحرک کر دی ہیں جو خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لا رہی ہیں اس مہم کے دوران نہ صرف جرمانے کیے جائیں گے بلکہ ایسی سنگین خلاف ورزیوں کی صورت میں مقدمات کا بھی اندراج کیا جائے گا ، سی ٹی او بینش فاطمہ کا کہنا ہے کہ کالے شیشے، پردے فلیش لائٹس اور دیگر غیر قانونی اشیاء نہ صرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہیں بلکہ ان کا استعمال سیکورٹی خدشات بھی پیدا کرتا ہے۔
اس مہم کا مقصد شہریوں کو محفوظ اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے سفر کی سہولت فراہم کرنا ہے، شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ رضاکارانہ فوری طور پر اپنی گاڑیوں سے کالے شیشے، غیر قانونی آلات اور ان اتھرائیزڈ نمبر پلیٹس ہٹا دیں تاکہ کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی سے بچ سکیں ، سٹی ٹریفک پولیس اس حوالے سے عوامی آگاہی کے لیے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز (@ctrwp) اور فیلڈ سٹاف کے ذریعے بھی رہنمائی فراہم کر رہی ہے، اس موقع پر سی ٹی او راولپنڈی بینش فاطمہ کا مزید کہنا تھا کہ شہری قوانین کی پاسداری کریں ، قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی تاکہ ٹریفک قوانین کا مکمل نفاذ یقینی بنایا جا سکے۔