راولپنڈی(کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے رمضان المبارک کے آخری عشرے اور عیدالفطر کی خریداری کے دوران شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ کی ہدایت پر شہر کے مصروف بازاروں اور شاپنگ سینٹرز میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے مزید نفری تعینات کر دی گئی ہے، سی ٹی او راولپنڈی نے ٹریفک ہیڈکوارٹرز ریس کورس میں تعینات 50 سے زائد اہلکار فیلڈ ڈیوٹی کے لیے تعینات کرنے کی ہدایت جاری کی ھے تاکہ شہریوں کو ٹریفک کے مسائل سے محفوظ رکھا جا سکے ، یہ اضافی نفری کمرشل مارکیٹ ، ٹینچ بازار، راجہ بازار ، صدر ، اڈیالہ روڈ ، صادق آباد کے مختلف تجارتی مراکز اور شاپنگ مالز اور دیگر مصروف علاقوں میں تعینات کی جائے گی تاکہ ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جا سکے.
رمضان المبارک کے آخری عشرے میں خریداری کے رش کو مدنظر رکھتے ہوئے سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے ٹینچ بازار کو یکطرفہ کر دیا ہے اور اس حوالے سے سوشل میڈیا پیچز (@ctprwp) پر ٹریفک ایڈوائزری بھی جاری کر دی گئی ہے، سی ٹی او راولپنڈی بینش فاطمہ نے کہا کہ تمام بڑے بازاروں میں ٹریفک مینجمنٹ کو مزید موثر بنایا جائے گا غلط پارکنگ، ناجائز تجاوزات اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا تاکہ شہریوں کو سہولت دی جا سکے، شہریوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ دوران خریداری اپنی گاڑیاں مقررہ پارکنگ ایریاز میں کھڑی کریں اور ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کریں .
غلط پارکنگ اور سڑکوں پر گاڑیاں کھڑی کرنے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے، جس کے خلاف کارروائی کی جائے گی، سٹی ٹریفک پولیس کے افسران بازاروں میں پیدل گشت کرتے ہوۓ ٹریفک کنٹرول اور شہریوں کی مدد کے لیے متحرک رہیں گے، شہری کسی بھی مشکل کی صورت میں سٹی ٹریفک پولیس کے ہیلپ لائن نمبر 051-9274843 پر رابطہ کر سکتے ہیں یا قریبی ٹریفک اہلکار سے رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں، سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں، خلاف ورزی سے گریز کریں ، پیدل اشخاص کا خیال رکھیں اور دوران خریداری صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں تاکہ سب کے لیے آسانی پیدا ہو، سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کی جانب سے شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی جاری رہے گی۔