راولپنڈی(کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس نے یوم شہادت حضرت علیؓ کے حوالے سے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا، تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے سٹی ٹریفک پولیس نے یوم شہادت حضرت علی ؓ کے موقع پر 21 مارچ اور 22 مارچ کی درمیانی شب ہونے والے جلوس کے لیے شہریوں کو ٹریفک کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے ٹریفک انتظامات مکمل کر لیے ہیں .
جلوس کے دوران مرحلہ وار ٹریفک ڈائیورشن لگانے اور ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لیے 82 سے زائد افسران و ملازمان تعینات کیے گئے ہیں جبکہ متبادل روٹس کے حوالے سے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تا کہ عوام الناس کوکسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ، چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ نے تمام افسران و جوانوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ مقام جلوس سے گاڑیوں کی پارکنگ 200 گز کے فاصلے پر کروائی جائے گی .
ناگہانی صورتحال سے نمٹنے اور امن امان کو یقینی بنانے کیلئے ٹیم ورک اور مکمل کوآرڈینشن کے ساتھ کام کیا جائے ، انہوں نے کہاکہ یوم شہادت حضرت علی ؓکے دوران سکیورٹی کے پیش نظر بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں موٹر سائیکلوں اور کالے پیپر کے خلاف خصوصی کاروائی کی جا رہی ہے اور ایسے موٹر سائیکل اور گاڑیوں کو تھانہ جات میں بند کروایاجا رہا ہے، سی ٹی او نے تمام جوانوں کو ہدایات جاری کیں کہ ان اہم دنوں میں ڈیوٹی کو محنت اور ذمہ داری کے ساتھ فرض سمجھ کر سر انجام دیں اور ٹریفک پلان پر عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جا ئے اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔