رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں سکیورٹی انتظامات مزید موثر بنائے جائیں، آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی

اسلام آباد(کرائم رپورٹر)رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں سکیورٹی انتظامات مزید موثر بنائے جائیں، آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی .آئی جی اسلام آباد کی زیرصدارت اہم اجلاس میں رمضان المبارک کے آخری عشرہ، جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات اور کرائم کا جائزہ لیا گیا،آئی جی اسلام آباد نے یوم حضرت علی کے جلوس کی بہترین سکیورٹی پر افسران و جوانوں کو شاباش دی تفصیلا ت کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہو ا ،اجلاس میں اسلام آباد پولیس کے تمام سینئر پولیس افسران نے شرکت کی ،آئی جی اسلام آباد نے اجلاس میں رمضان المبارک کے آخری عشرہ، جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات اور کرائم کا جائزہ لیا ،انہوں نے تمام افسران کو رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں سکیورٹی انتظامات کو مزید موثر بنانے کے احکامات جاری کئے.

اس موقع پر انہوں نے افسران کو مزید احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں ضلع بھر میں بہترین سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے،ایسی مساجد جہاں شہری اعتکاف بیٹھ چکے ہیں ان کے اطراف میں مناسب سکیورٹی انتظامات کئے جائیں،ضلع بھر کی تمام مساجد اور امام بارگاہوں کے گرد پٹرولنگ مزید بڑھائی جائے،تمام تجارتی مراکز اور مارکیٹوں میں پیدل گشت کو یقینی بنایا جائے،شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ مزید سخت کی جائے،انہوں نے مزید کہا کہ 23 مارچ کے سلسلہ میں بھی ضلع بھر میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھا جائے ،عیدکے موقع پر اپنے آبائی علاقوں میں جانے والے شہریوں کو اپنے گھر کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے بھرپور آگاہی فراہم کی جائے،یہ عشرہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ،ہر پولیس افسر مکمل تندہی اور چاک و چوبند ہو کر اپنے فرائض سرانجام دے،قبل ازیں آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے سینئر پولیس افسران کے ہمراہ بری امام اور جی سیون جلوسوں پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا،مرکزی جلوسوں کی بھرپور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے 1500 سے زائد افسران و جوانوں نے اپنے فرائض سرانجام دیئے.

آئی جی اسلام آباد نے یوم حضرت علی کے جلوسوں کی بہترین سکیورٹی پر افسران و جوانوں کو شاباش بھی دی،انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے میرے یہ افسران و جوان ہمہ وقت الرٹ اور اپنی ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر سر انجام دیتے ہیں،ان افسران و جوانوں کی بدولت ہی شہری نہ صرف سکون سے عبادت کرتے ہیں بلکہ چین کی نیند بھی سوتے ہیں،مجھے اپنے ان افسران و جوانوں پر فخر ہے،اسلام آباد پولیس کا ہر افسر اس وقت شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے فیلڈ میں موجود ہے ،یہی ہمارا اولین فرض اور یہی ہماری عبادت ہے۔