اسلام آباد(کرائم رپورٹر)اسلام آباد ٹریفک پولیس کا رمضان المبارک کے دوران مختلف تجارتی مراکز میں “ٹریفک رضاکار پروگرام ” کا آغاز اس پروگرام کا مقصد سڑکوں پر بلا تعطل ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانا، شہریوں کو محفوظ اور آرام دہ سفری سہولیات فراہم کرنا اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو فروغ دینا ہے تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے دوران بڑھتے ہوئے ٹریفک دباو کو موثر طریقے سے منظم کرنے، مارکیٹوں میں رش کو کم کرنے اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے “ٹریفک رضاکار پروگرام” کا آغاز کر دیا ہے.
یہ خصوصی اقدام انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سیدعلی ناصررضوی کے خصوصی احکاما ت کی روشنی میں کیا گیا ہے،اس سلسلے میں اسلام آباد کی بڑی مارکیٹوںخصوصاً سپر مارکیٹ، جناح سپر مارکیٹ، آبپارہ مارکیٹ، کراچی کمپنی، جی-9 مرکز اور دیگر مصروف تجارتی مراکز میں ٹریفک کی مربوط روانی کو یقینی بنانے کیلئے کیا گیا ہے،اس پروگرام کا مقصد سڑکوں پر بلا تعطل ٹریفک کی روانی کو برقراررکھنا، شہریوں کو محفوظ اور آرام دہ سفری سہولت فراہم کرنااور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو فروغ دینا ہے جبکہ رمضان المبارک میں افطار اور سحری کے اوقات میں بڑھتے ہوئے ٹریفک دباو کو منظم کرنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کی سہولت کے لیے متبادل راستے فراہم کرنا اور پارکنگ کے مسائل کو حل کرنا شامل ہے.
سی ٹی او اسلام آباد کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر نے کہاکہ اسلام آباد ٹریفک پولیس رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کر رہی ہے، ہمارا مقصد سڑکوں کو محفوظ بناتے ہوئے عوام کے سفر کو آسان بنانا ہے، انہوں نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں اور رضاکاروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ شہر میں ٹریفک کی مربوط روانی کو برقرار رکھاجاسکے،انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی آگاہی کیلئے مختلف سوشل میڈیا ذرائع سمیت ایف ایم ریڈیو 92.4پر ٹریفک کی روانی کے متعلق شہریوں کومعلومات فراہم کی جارہی ہیں ،شہری کسی بھی قسم کی معلومات کیلئے اسلام آباد پولیس کی ہیلپ لائن پکار – 15پر کال کرسکتے ہیں