چاند رات اور عید الفطر کے موقع پر شہریوں کو ٹریفک کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے پیش نظر راولپنڈی شہر کے لئے خصوصی ٹریفک پلان جاری، سی ٹی او بینش فاطمہ

راولپنڈی(کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے چاند رات اور عید الفطر کے موقع پر شہریوں کو ٹریفک کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے پیش نظر راولپنڈی شہر کے لئے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا ، ٹریفک پلان کے مطابق 10 ڈی ایس پیز، 138 انسپکٹرز، 498 ٹریفک وارڈنز و ٹریفک اسسٹنٹس سمیت کل 646 افسران و ملازماں خصوصی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے ۔ چاند رات کو بازاروں ، مارکیٹوں، شاپنگ مالز اور دیگر اہم شاہرائوں پر جبکہ عید الفطر کے دن مساجد، امام بارگاہوں ، پارکوں ، رش والے پوائنٹس، اہم شاہراؤں اور دیگر مقامات جہاں عید کی نماز ادا کی جائے گی وہاں پر بھی ٹریفک پولیس کی سپیشل ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں۔

جبکہ 52 سے زائد افسران و ملازمان کی شہر کے مختلف پبلک پارکس پر بھی ڈیوٹی لگائی گئی ھے۔ سی ٹی او بینش فاطمہ کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی کے پیشِ نظر کالے شیشے،بغیر رجسٹریشن ، بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی اور ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی نے بتایا کہ عید الفطر پر شہریوں کو ٹریفک کی ہر ممکن سہولیات دینے کے پیش نظر راولپنڈ ی میں خصوصی ٹریفک پلان مرتب کیا گیا ہے۔