دوخواتین کا قتل کیس پر ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق کی ریسکیو15- میں پریس

اسلام آباد(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق کی ریسکیو15- پر اہم پریس کانفرنس ، ہمراہ ایس ایس پی انوسٹی گیشن عثمان طارق بٹ ۔ایس ایس پی آپریشنز محمد شعیب خان ۔ایس ایس پی سی ٹی ڈی حمزہ ہمایوں ۔ایس پی سواں زون پری گل ترین۔ایس پی سی آئی اے
٭ دوخواتین کا قتل /تھانہ لوہی بھیر
گرفتار ملزم : محمد صداقت ولد نو ر محمد سکنہ موضع محمد خان ،بستی دھمہ اعوان ،ظاہر پیر تحصیل خان پور ضلع رحیم یار خان
مورخہ 05اپریل 2025کو تھانہ لوہی بھیر کے علاقہ مکان نمبر 08گلی نمبر 10بلاک اے سواں گارڈن میں دو خواتین کے قتل کا اندوہناک واقعہ پیش آیا،وقوعہ کے متعلق تھانہ لوہی بھیرمیں مقدمہ نمبر 253/25بجرم 302/324ت پ درج کیا گیا ۔
مدعیہ مقدمہ نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنی والدہ ،اپنی چھوٹی بہن اور ماموں زاد بہن کے ہمراہ اس مکان میں رہائش پذیر ہیں ،وقوعہ کی رات محمد صداقت ولد نو ر محمد سکنہ موضع محمد خان ،بستی دھمہ اعوان ،ظاہر پیر تحصیل خان پور ضلع رحیم یار خان جو مالک مکان کا ملازم ہے ،گھر میں آیا اور اس نے اس کی والدہ اور اس کی بہن کو چھری کے وار سے قتل کر دیا ہے ، اور اسے بھی ماربل کی لنگری سے زخمی کیا اور موقع سے فرار ہو گیا ۔
ڈی آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ انہوں نے اپنی زیر نگرانی ملزم کی گرفتار ی کے لئے خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دیں ،جنہوں نے ملزم کے موبائل فون کا مکمل ریکارڈ حاصل کیا، جدید ذرائع اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے ملزم کی گرفتار ی کے لئے مختلف جگہوں پر ریڈز کئے،اور کل مورخہ 16اپریل 2025کو وقوعہ میں ملوث ملزم صداقت کو گرفتار کر لیا گیا ہے،ملزم ابھی جسمانی ریمانڈ پر ہے ،جس سے مزید تفتیش جاری ہے۔
٭ حمزہ خان قتل کیس
گرفتار ملزمان : 1۔سید عارف حسین ولد سید محمد شاہ ، سکنہ گاﺅں چنیال تحصیل و ضلع مانسہرہ ۔
2۔سید صابر حسین شاہ ولد مبارک حسین شاہ ،سکنہ گاﺅں چنیال تحصیل و ضلع مانسہرہ ۔
3۔ثقلین ولد سید صابر حسین شاہ ،سکنہ گاﺅں چنیال تحصیل و ضلع مانسہرہ ۔
ڈی آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ مورخہ15مارچ 2025کو مقتول کے بڑے بھائی نے پولیس کو اطلاع دی کہ اس کا چھوٹا بھائی صبح کے وقت گھر سے باہر گیا اور ابھی تک واپس نہیں آیا اور نہ اس سے رابطہ ہو اہے،پولیس نے مقدمہ نمبر 248/25بجرم 356ت پ تھانہ آبپارہ درج کیا اور تفتیش شروع کر دی ،مغوی کی تلاش کے لئے ضلع بھر میں فوری وائرلیس کال کروائی گی،سی ڈی آر حاصل کی گئی ،تمام آئی جیز اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کو درخواستیں بھجوائی گئی ۔

19مارچ 2025کو مغوی کی سی ڈی آر موصول ہونے پر اس کی آخر ی لوکیشن مانسہرہ میں پائی گئی، جبکہ مغوی کے تین موبائل فونز کی آخری لوکیشن جی 10-اسلام آباد میں پائی گئی۔
آئی جی اسلام آباد نے وقوعہ کی سنگینی پر سختی سے نوٹس لیا اور ڈی آئی جی اسلام آباد کی زیر نگرانی ایس ایس پی انوسٹی گیشن ،ایس ایس پی سی ٹی ڈی کی سر براہی میں مختلف پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئیں اور تفتیش کا دائرہ کا ر وسیع کیا گیا،جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے پولیس نے مقتول کے تینوں موبائل فون پروجیکٹ موڑ اسلام آباد جنگل ایریا سے برآمد کئے ،دوران تفتیش مقتول کا رابطہ ملزم عارف حسین شاہ کے ساتھ پایا گیا ،مدعی نے تتمہ بیان میں ملزم عارف حسین شاہ کو نامزد کیا، جس پر پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا اور ملزم سے تفتیش عمل میں لائی گئی۔
ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس نے مقتول کو اپنے گھر گاﺅں چنیال ضلع مانسہرہ میں اپنے بہنوئی سید صابر حسین شاہ اور بھانجے ثقلین شا ہ کے ہمراہ قتل کرکے نعش کو صابر حسین شاہ کے گھر کے صحن میں گڑھا کھود کر دفنا دیا، ملزم کے انکشاف پر پولیس ٹیموں نے ریڈ کرکے مقتول کی نعش کو برآمد کر لیا،مقدمہ میں قتل کی دفعات شامل کر لی گئی ہیں ،وقوعہ میں ملوث تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے،ٹھوس شواہد کی روشنی میں چالان مجاز عدالت میں پیش کرکے ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
٭ اشتیاق احمد عباسی قتل کیس (سوشل ورکر)

گرفتار ملزمان : 1۔عامر عرف عامری ولد نوازقوم چدھڑ (سکنہ منڈی بہاﺅلدین،میانہ گوندل )
2۔ریاض چدھڑ
3۔عامر عرف مندری
4۔ذوالفقار
ڈی آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ مورخہ 09اپریل 2025کو تھانہ کھنہ کے علاقہ پنڈوریاں میں سماجی کارکن اشتیا ق احمد عباسی کے قتل کا اندوہناک واقعہ پیش آیا ،وقوعہ کے متعلق تھانہ کھنہ پولیس نے مقدمہ نمبر 501/25بجرم 302/34ت پ درج کیا ،اس وقوعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتار ی کے لئے ڈی آئی جی اسلام آباد کی زیر نگرانی مختلف پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئیں،پولیس ٹیموں کی سر براہی ایس ایس پی انوسٹی گیشن ، ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایس پی سی ٹی ڈی کر رہے تھے، پولیس ٹیموں نے ملزمان کی گرفتار ی کے لئے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن ریسورسز کے ذریعے مختلف اضلاع میں ریڈز کئے، پولیس نے وقوعہ میں ملوث چار کس ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے ،جن سے تفتیش جاری ہے۔

ڈی آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ اسلام آباد پولیس جرائم کے خلاف بھرپور کریک ڈاﺅن کر رہی ہے ۔ پولیس ٹیموں کی بہترین حکمت عملی کی بدولت رواں سال جرائم کی شرح میں 20فیصد کمی واقع ہو ئی ہے۔
منشیات فروشوں کے خلاف ضلع بھر میں ایس ایس پیز کی سربراہی میں پولیس ٹیمیں آپریشنز کر رہی ہیں اور درجنوں منشیات فروشوں اور دیگر ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ یہ سرچ آپریشنز روزانہ کی بنیاد پر جاری رہیں گے ۔
رواں ماہ کے دوران غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے ملزمان ،منشیات فروشوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھرپور کریک ڈاﺅن کیا گیا،پولیس ٹیموں نے غیر قانونی اسلحہ رکھنے میں ملوث117ملزمان کو گرفتار کر کے 115مقدمات مختلف تھانہ جات میں درج کئے،گرفتار ملزمان کے قبضہ سے 07کلاشنکوف ،03رائفلیں،01گن ،102پستول،695روند ایمونیشن اور 05خنجر بھی برآمد کئے۔
اسی طرح 171منشیات فروشوں اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کرکے مختلف تھانہ جات میں 171مقدمات کا اندراج کیا گیا،گرفتار ملزمان کے قبضہ سے 75کلو ہیروئن ،31کلو چرس ،6.7کلو آئس ،3.8کلو گرام افیون اور 247بوتلیں شراب برآمد کیں۔

ڈی آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ آئندہ جرائم کی شرح میں مزید کمی واقع ہو گی۔ جو افسران اچھا کام کر رہے ہیں انہی کو اہم عہدوں پر تعینات کیا جائے گیا ناقص کارکردگی پر سخت محکمانہ کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں
گزشتہ ہفتے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر 15اہلکاروں کو نوکریوں سے برخاست کیا گیا ہے ،انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع بھر میں ناکہ جات بھی قائم کئے گئے ہیں جن پر سخت چیکنگ کی جارہی ہے ۔ انہوں نے شہریوں اور میڈیا نمائندگان سے بھی اپیل کی کہ وہ ایسے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کا بھرپور ساتھ دیں تاکہ ہم سب مل کر اپنے شہر کو جرائم سے پاک کرسکیں ۔