اسلام آباد(کرائم رپورٹر) پولیس کےایک سب انسپکٹر،ایک ہیڈ کانسٹیبل کونوکری سے برخاست جبکہ بارہ تھانوں کےایس ایچ اوزاوردو تھانوں کےمحرروں کواختیارات سے تجاوز اور جرائم کوکنٹرول نہ کرنے پرایک ایک سال سروس ضبط کرنے کی سزائیں دیدی گئیں ہیں۔بتایاگیاہے کہ اسپیشل سیکچول افنس انوسٹیگیشنز یونٹ (SSOIU)رورل زون میں تعینات سب انسپکٹر محمدفاروق اورتھانہ شہزاد ٹاؤن کےسابقہ محرر یوسف حسین کوملازمت سے برخاست کردیاگیاہے۔
ایک ایک سال سروس ضبطی کی سزا پانے والوں میں ایس ایچ او تھانہ نیلور محمدحنیف،ایس ایچ او تھانہ لوہی بھیر سہیل اشرف،ایس ایچ اوتھانہ ہمک عمران منیر،ایس ایچ او تھانہ آبپارہ عاصم غفار،ایس ایچ او تھانہ کراچی کمپنی نعیم الحسنین،ایس ایچ او تھانہ گولڑہ منظور،ایس ایچ او تھانہ سمبل آصف علی ،ایس ایچ او تھانہ ترنول شوکت محمود،ایس ایچ او تھانہ بھارہ کہو رفاقت حسین ،ایس ایچ او تھانہ شہزاد ٹاؤن شاہد زمان،ایس ایچ او تھانہ کھنہ ارشاد احمد،سابقہ ایس ایچ او تھانہ سہالہ ظفر اقبال شامل ہیں جبکہ ریکارڈ کی درست تکمیل نہ کرنے اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر محرر تھانہ آبپارہ وسیم راجہ اور محرر تھانہ کھنہ محمد طیب کی بھی ایک ایک سال سروس ضبط کرلی گئی ہے۔
ڈی آئی جی اسلام آبادپولیس محمد جواد طارق نے کہاہے کہ اسلام آباد پولیس سخت خوداحتسابی کی پالیسی پرعمل پیرا ہے۔کوئی بھی شخص قانون سے بالا تر نہیں۔جوبھی پولیس افسر اختیارات سے تجاوز اور ڈیوٹی میں غفلت برتے گااسے ہر قیمت پرسخت قانونی ومحکمانہ کارروائی کا سامنا کرنا پزے گا۔واضح رہے کہ تھانہ کھنہ کی حدود موضع پنڈوڑیاں میں منشیات فروشوں کیخلاف مہم چلانے پر ن لیگ کے مقامی رہنما اشتیاق عباسی کےبیہیمانہ قتل کے بعدوفاقی پولیس کے اندر منشیات فروشی کی منظم نیٹ ورک کے ساتھ مبینہ روابط اور انکی سہولیات کار کے الزام میں آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی اس سے سابق ایس ایچ او تھانہ کھنہ قاسم ضیاء اور تھانہ گولڑہ کے سب انسپکٹر طلعت حسین سمیت پندرہ پولیس اہلکاروں کوملازمتوں سے برخاست کرچکے ہیں ۔
پولیس ذرائع کاکہنا ہے کہ وفاقی پولیس کے اندر سختی کے ساتھ میرٹ پر عملدرآمد کویقیننی بنانے،انسداد جرائم میں غفلت برتنے اور تھانہ کی سطح پر سائیلن کو انصاف فراہم نہ کرنیوالے پولیس افسران و اہلکاروں کیخلاف سخت محکمانہ ایکشن جاری رہے گا اور وفاقی پولیس کو حقیقی معنوں میں عوام کی خادم پولیس بناکرپورے ملک کی پولیس کے لئے رول ماڈل پولیس بنایاجائے گا۔