سٹی ٹریفک پولیس ہیڈ کوارٹرز اوپن ڈے کا انعقاد ۔ سی ٹی او بینش فاطمہ

راولپنڈی (کرائم رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس کے ہیڈکوارٹرز میں اوپن ڈے کا سلسلہ جاری ،تفصیلات کے مُطابق بیکن ہاؤس سکول سسٹم کے 100 سے زائد طلباءطالبات اور اساتذہ نے ٹریفک ہیڈکوارٹرز ریس کورس میں اوپن ڈے کی تقریب میں شرکت کی ، ٹریفک ہیڈکوارٹرز ریس کورس پہنچنے پر سی ٹی او راولپنڈی بینش فاطمہ اور دیگر عملے نے ان کا استقبال کیا اور انہیں ٹریفک ہیڈکوارٹرز آمد پر خوش آمدید کہا بعد ازاں ٹریفک ہیڈکوارٹرز کے آڈیٹوریم پہنچنے پر ایک پُر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا.

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ٹی او راولپنڈی نے بیکن ہاؤس کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اِس طرح طلباء و طالبات کو مدعو کرنے کا مقصد عوام الناس کو ادارے کی ورکنگ و خدمات کے بارے میں آگاہی دینا ہے، اِن کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل ہماری سفیر ہے ،مستقبل میں آپ نے ہماری نمائندگی کرنی ہے تا کہ آپ کے توسط سے معاشرے کے مزید نوجوانوں میں ٹریفک قوانین سے متعلق شعور اجاگر ہو سکے ، اِن کا کہنا تھا اس اوپن ڈے کے دوران شرکاء کی تجاویز و تنقید کو فورس کی اصلاح کے طور پر لیا جائے گا.

اِن کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ سٹی ٹریفک پولیس کی بہترین حکمت عملی سے گزشتہ کی نِسبت ٹریفک کی روانی میں بہت بہتری آئی ہے، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوۓ ٹریفک کی روانی کو مانیٹر کیا جاتا ہے جسکی وجہ سے کنجیشن پوائنٹس انتہائی کم ہو گئے ہیں،.

غلط پارکنگ کے خلاف بھی کریک ڈاؤن جاری ہے اور ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ ڈالنے والی گاڑیوں کے خِلاف بلا تفریق کارروائی کی جا رہی ہے ۔ اسکے بعد طلباء و طالبات نے سٹی ٹریفک پولیس کی مختلف برانچز کا دورہ کیا بالخصوص 88.6 FM کی لائیو نشریات میں حصہ لیا، لائسنسنگ برانچ کا دورہ کیا اور لائسنسنگ پراسیس سے متعلق بریفنگ لی ، اسکے بعد شرکاء نے سٹی ٹریفک پولیس کی روزمرہ استعمال کی اشیاء کا بھی معائنہ کیا اور ایجوکیشن ونگ کے روڈ ریڈی میٹ میں بہت دلچسپی لی، طالبات نے سکوٹیز میں بھی خصوصی دلچسپی لی۔ آخر میں انھوں نے سٹی ٹریفک پولیس کی کاوش کو سراہا اور مستقبل میں ایسے پروگرامز جاری رکھنے کی درخواست کی.