اسلام آباد (کرائم رپورٹر)اسلام آبادپولیس کے غازیان کے اعزاز میں ریسکیو 15 فیلڈ میں پروقار اختتامی تقریب کا انعقاد ، تقریب میں غازیوں کی قربانیوں اور بہادری کو خراج تحسین پیش کیا گیا،جبکہ تمام ڈویژنز میں پروقار تقریبات کا انعقاد کرتے ہوئے غازیوں کو خصوصی طور پر مدعو کرکے انکی امن و امان کے قیام کیلئے کوششوں کو سراہا گیا۔
تفصیلا ت کے مطا بق اسلام آبادپولیس کے غازیان کے اعزاز میں ریسکیو 15 فیلڈ میں پروقار اختتامی تقریب کا انعقادکیا گیا، تقریب میں ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق،اسلام آباد پولیس کے سینئر افسران اورغازیوں نے شرکت کی، اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے کہاکہ اسلام آباد پولیس کے یہ غازی افسران فرض کی ادائیگی میں اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے زخمی ہوئے،ان غازیوں کے جذبات کو میں سلام پیش کرتا ہوں،یہ اسلام آباد پولیس کے غازی نڈر اور قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں.
ملک و قوم کے لئے قربانی دینے والوں کے خاندان بھی قابل احترام ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ اپنے آج کو دوسروں کے کل پر قربان کرنے والوں کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی،یہ وہ سرمایہ ہیں جنہوں نے بہادری کی عظیم داستانیں قائم کی ہیں،سلام ان والدین کوجنہوں نے ان غازیوں کی تربیت کی ہے،اسلام آباد پولیس کی تمام فورس ان غازیوں کو سلام پیش کرتی ہے،تقریب کے اختتام میں اسلام آباد پولیس کے افسران نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کاغازی ویک نہ صرف ہمارے ہیروز کو یاد رکھنے کا ذریعہ ہے بلکہ نئی نسل کو ان کے نقش قدم پر چلنے کی ترغیب بھی دیتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ان تقریبات کا مقصد اسلام آباد پولیس کے جانباز افسران و جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے اور اس سلسلے میں مستقبل میں بھی خصوصی تقریبات کا انعقاد جاری رکھا جائے گا.