اسلام آباد پولیس کے افسران کا لسٹ بی ون کا امتحان پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز میں منعقد

اسلام آ باد (کرائم رپورٹر)اسلام آباد پولیس کے افسران کا لسٹ بی ون کا امتحان پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا ، امتحان میں میرٹ اور شفافیت کو برقرار رکھنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، کسی بھی شخص کو امتحان میں غیر قانونی طریقوں سے پاس ہونے کی اجازت نہیں دی جائے ۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹرجنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے احکامات کی روشنی میں اسلام آباد پولیس کے افسران کا لسٹ بی ون کا امتحان پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا،ایس پی کیپیٹل پولیس کالج محمد نجیب شاہ کی زیر نگرانی پولیس افسران پر مشتمل بورڈ نے امتحان کی مکمل نگرانی کی،اس موقع پر سکیورٹی پروگرام کا اجراءکیا گیا اور امتحا نی حال کے اندرون اور بیرون سائیڈوں پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے،تمام امیدواران کو اچھا ماحول اور انکے بیٹھنے کے لئے معقول انتظام کیا گیا.

ایس پی کیپیٹل پولیس کالج نے امتحان شروع ہونے سے قبل تمام امیدواران کی حوصلہ افزائی کی اور ان سے مخاطب ہوکر کہا کہ کسی قسم کا کوئی امدادی مواد، موبائل فون وغیرہ ہے تو فوری طور پر انتظامیہ کے حوالے کر دیا جائے اگر بعد میں کوئی ایسی چیز نوٹس میں آئی تو متعلقین کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، کمانڈنٹ کیپیٹل پولیس کالج شاکر حسین داوڑ کی زیرنگرانی امتحان کے لئے باقاعدہ بورڈ تشکیل دیا گیا ہے جو شفافیت کو برقرار رکھتے ہوئے امتحان سے متعلقہ تمام امور سرانجام دے گا.