ٹانک(کرائم رپورٹر) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹانک اسلم نواز خان نے ضلع ٹانک میں جدید طرز کے پولیس سہولت مرکز کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ڈی پی او ٹانک کو پولیس سہولت مرکز کے تمام شعبہ جات اور خدمات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی . اب شہریوں کو ایک ہی چھت کے نیچے کئی اہم سہولیات میسر ہوں گی، جن میں ویزا اور سفر کے لیے پولیس کلئیرنس، بیرون ملک سے پولیس کلئیرنس، کردار سرٹیفکیٹ، غیر ملکی رجسٹریشن، ملازمین کی تصدیق، گھریلو تصدیق، گمشدگی اور چوری کی رپورٹ، کرایہ دار کی معلومات فارم، ٹریفک کی معلومات، ڈرائیونگ لائسنس، ڈرائیونگ لرنز، پولیس ویلفیئر میں داخلہ، ٹینڈر کی معلومات، پولیس میں بھرتی، متاثرہ افراد کی مدد اور قانونی مشورہ شامل ہیں۔
ڈی پی او ٹانک اسلم نواز خان نے اس موقع پر کہا کہ پولیس سہولت مرکز کا مقصد عوام کو باآسانی پولیس خدمات مہیا کرنا ہے تاکہ عام شہری کو دفاتر کے چکر لگانے اور طویل انتظار سے نجات دلائی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ مرکز میں تعینات عملے کو مکمل تربیت اور تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے تاکہ عوام کو خوش اخلاقی کے ساتھ فوری سروس فراہم کی جا سکے ، انہوں نے مزید کہا کہ ٹانک پولیس کا مشن صرف جرائم کی روک تھام ہی نہیں بلکہ عوامی خدمت بھی ہے اور یہ مرکز اس مشن کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ مستقبل میں اس سہولت مرکز کو جدید ٹیکنالوجی سے بھی منسلک کیا جائے گا تاکہ شفافیت، کارکردگی اور سہولت میں مزید بہتری لائی جا سکے .