آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا سنٹرل پولیس آفس اسلام آباد کے مختلف شعبہ جات اورخدمت مرکز کا دورہ

اسلام آباد (کرائم رپورٹر)آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا سنٹرل پولیس آفس اسلام آباد کے مختلف شعبہ جات اورخدمت مرکز کا دورہ ، شہریوں کو سہولیات اور خدمات کی فراہمی ،نگرانی کے نظام ،ذرائع مواصلات کی موثر نگرانی اور دیگر امور کا جائزہ لیا، تمام افسران کو شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے احکامات جاری کیے،انہوں نے کھلی کچہری میں پولیس افسران و شہریوں کے مسائل بھی سنے ۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے سنٹرل پولیس آفس اسلام آباد کے مختلف شعبہ جات اور پولیس خدمت مرکز ایچ الیون کا دورہ کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ اے آئی جی انوسٹی گیشن محمد ارسلان شاہزیب سمیت دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے، دورے کے دوران آئی جی اسلام آباد نے شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، سکیورٹی اور نگرانی کے نظام، ذرائع ابلاغ کی مو¿ثر نگرانی اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا، انہوں نے سی پی او میں قائم جدید آپریشنز روم میں24/7 مانیٹرنگ سسٹم کا معائنہ کیا .

اس موقع پر انہوں نے افسران کو شہریوں کو سہولیات اور بروقت مدد کی فراہمی ،باہمی رابطہ کے نظام کو موثر رکھنے اور دیگر اداروں کے ساتھ موثر کوآرڈینیشن کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں،انہوں نے پبلک ریلیشنز برانچ میں الیکٹرانک و سوشل میڈیا مانیٹرنگ کے نظام کا بھی معائنہ کیا اور افسران کو ہدایت دی کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے شہریوں سے مستقل رابطے میں رہیں، شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنائیں اور ٹریفک و دیگر معلومات کی بروقت فراہمی کو ممکن بنائیں۔آئی جی اسلام آباد نے ایچ الیون خدمت مرکز میں شہریوں سے ملاقات کی، ان کی تجاویز سنی اور عملے کو شہریوں کی رہنمائی اور سہولت کاری میں مزید بہتری کی ہدایات جاری کیں.

انہوں نے مرکز میں فراہم کی جانے والی مختلف پولیس خدمات کا جائزہ لیتے ہوئے ان میں جدت اور بہتری لانے پر زور دیا،آئی جی اسلام آباد نے “اوپن ڈور پالیسی” کے تحت کھلی کچہری کا انعقاد بھی کیا، انہوں نے شہریوں اور پولیس افسران کے مسائل سنے ،انہوں نے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ تمام مسائل کو شفافیت، انصاف اور فوری کارروائی کے اصولوں کے مطابق حل کیا جائے،انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کے مسائل کا فوری، موثر اور میرٹ پر حل ہماری اولین ترجیح ہے، انہوں نے تمام افسران پر زور دیا کہ وہ عوام دوست پولیسنگ کو فروغ دیں، شہر بھر میں امن و امان کی صورتحال پر گہری نظر رکھیں اور پولیس کو ایک عوامی خدمت گار ادارے کے طور پر مزید موثر بنائیں.