راولپنڈی(کرائم رپورٹر)ٹریفک ہیڈکوارٹرز ریس کورس راولپنڈی میں نیوٹیک سے منظور شدہ خواتین کے تربیتی ادارے کی طالبات کے لیے روڈ سیفٹی آگاہی پروگرام اور سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی اور فرح ویمن ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے مابین باہمی مفاہمت کی یاداشت پر دستخط ،تفصیلات کے مطابق خواتین کے لیے قائم فنی و تربیتی ادارے فرح ویمن ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کی 40 خواتین ممبرز نے آج ٹریفک ہیڈکوارٹرز ریس کورس راولپنڈی کا دورہ کیا۔ یہ ادارہ نیوٹیک ( NAVTEC)اور ٹیوٹا (TEVTA) سے منظور شدہ ہے اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے سرگرم ہے.
خواتین کے لیے ایک جامع روڈ سیفٹی آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں انہیں ٹریفک قوانین، سڑک پر محفوظ ڈرائیونگ، پیدل چلنے کے اصول اور حادثات سے بچاؤ کی عملی تربیت فراہم کی گئی، شرکاء کو مختلف ٹریفک برانچز کا وزٹ کروایا گیا تاکہ وہ ٹریفک کے نظام، لائسنسنگ اور ٹریفک پولیس کی ورکنگ کو قریب سے دیکھ سکیں،اس موقع پر خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس سروسز سے متعلق مکمل رہنمائی فراہم کی گئی۔ انہیں نئے لائسنس کے حصول، تجدید کے پراسیس سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا گیا، خواتین کو جدید ڈرائیونگ ٹریننگ سیمولیٹر پر عملی مشق بھی کروائی گئی، جس کے ذریعے وہ بغیر سڑک پر آئے ڈرائیونگ کی بنیادی تربیت حاصل کر سکیں گی۔ سیمولیٹر کے استعمال سے خواتین میں کافی دلچسپی اور اعتماد دیکھنے میں آیا ، تقریب سے چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو ٹریفک قوانین سے آگاہ کرنا اور انہیں خود مختار بنانا ٹریفک پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، انہوں نے کہا کہ محفوظ ڈرائیونگ سیکھ کر خواتین نہ صرف اپنی حفاظت کر سکتی ہیں بلکہ معاشرے میں مثبت تبدیلی کا باعث بھی بن سکتی ہیں.
اس موقع پر سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی اور فرح ویمن ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے مابین باہمی مفاہمت کی یاداشت پر دستخط بھی ہوئے جس کے تحت فرح ویمن ٹریننگ انسٹیٹیوٹ سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے وویمن سٹاف اور ٹریفک سٹاف کی فیمیلیز کو معاشرے میں خود مختار بنانے کیلئے بلا معاوضہ ٹریننگ مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر دی جانے والی سہولیات پر بھی خصوصی رعایت دی جاۓ گی ، آخر میں شرکاء کو سڑکوں پر محفوظ سفر کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنانے کی تلقین کی گئی، اس دورے کو خواتین نے اپنے لیے ایک مفید، بامقصد اور سیکھنے والا بہترین تجربہ قرار دیا ۔