لین کی خلاف ورزی کرنیوالی بڑی گاڑیوں اوربغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کے خلاف قانونی کارروائی کو مزید سخت اور موثر بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد (کرائم رپورٹر)لین کی خلاف ورزی کرنیوالی بڑی گاڑیوں اوربغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کے خلاف قانونی کارروائی کو مزید سخت اور موثر بنانے کا فیصلہ،تمام افسران کو خصوصی ہدایات جاری،ٹریفک کی روانی کو متاثر کرنیوالے عناصرسے سختی سے نمٹا جائے،قانون کی پاسداری کو یقینی بناتے ہوئے شہر میں مربوط ٹریفک کے نظام کی بحالی اولین ترجیح ہے۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصررضوی کے خصوصی احکامات پراسلام آباد کو حادثات سے محفوظ رکھنے ، روڈ ڈسپلن کو قائم کرنے اور شہر میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کیلئے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف قانونی کارروائی کو مزید تیز اور موثر بنانے کا فیصلہ کیا گیاہے،اس سلسلے میںتمام زونل ڈی ایس پیزکو لین کی خلاف ورزی کرنیوالی ہیوی گاڑیوں،بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں سمیت دیگرٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کےخلاف بلا تفریق قانونی کارروائیوں کومزید سخت اورموثر بنانے کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں.

جبکہ ا سلام آبادپولیس کی جانب سے خصوصی عملدرآمد دستے بھی تشکیل دیے گئے ہیں جو شہر میں مختلف مقامات پر قانونی کارروائی عمل میںلارہے ہیں،اسی کے ساتھ اسلام آباد پولیس آگاہی ونگ مختلف شاہراﺅںاور اہم مقامات پر شہریوں کو روڈ سیفٹی قوانین کے متعلق آگاہی فراہم کرنے میں ہمہ وقت مصروف عمل ہیں، چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کیپٹن(ر) سید ذیشان حیدر نے کہا کہ ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والی گاڑیوں،موٹر سائیکل سواروں اور دیگر عناصر سے سختی سے نمٹا جائیگا، قانون کی پاسداری کوہر ممکن یقینی بنانے اور شہر میں مربوط ٹریفک نظام کی بحالی اولین ترجیحات میں شامل ہے،شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کرتے ہوئے اسلام آباد پولیس سے تعاون کریں تاکہ شہر کو حادثات سے محفوظ رکھا جاسکے.