اسلام آباد ٹریفک پولیس کا ٹریفک اشاروں کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں جاری

اسلام آباد ( کرائم رپورٹر)اسلام آباد ٹریفک پولیس کا ٹریفک اشاروں کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں جاری۔رواں سال کے دوران 26ہزار سے زائد ڈرائیورز کیخلاف قانونی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں،ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کیخلاف بلاامتیاز کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلا م آباد سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایات پر وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں ٹریفک کے نظام کومزید بہتر کرنے، موثر بنانے اورشہرکو ٹریفک حادثات سے پاک کرنے کے لیے تمام تر اقدامات عمل میں لائے جارہے ہیں،اس سلسلے میں اسلام آبادٹریفک پولیس نے ٹریفک اشاروںکی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف کارروائی مزید تیز کرتے ہوئے ٹریفک کنجیشن یونٹ کے علاوہ خصوصی دستے وفاقی دارالحکومت کی شاہراﺅں اور اہم مقامات پر تعینات کئے ہیںجوٹریفک قوانین خصوصاً ٹریفک اشاروں کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورزکےخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لارہے ہیں.

اس سلسلے میں رواں سال کے دوران اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 26ہزار 563 ڈرائیورز کیخلاف بلاتفریق کارروائیاں عمل میں لائیں،چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر نے تمام زونل افسران کو ہدایات جاری کی کہ وہ ٹریفک اشاروںکی خلاف ورزی پر بلا امتیاز کارروائیاں عمل میں لائیں،ایسے عناصرسے ہرگز کوئی رعایت نہ برتی جائے جو اپنے اور دوسروں کے لیے حادثات کا سبب بنتے ہیں ،اسلام آباد ٹریفک پولیس آگاہی ونگ کو بھی خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ شہریوں کو ٹریفک کی خلاف ورزی کے نقصانات اور دیگر ٹریفک قوانین کے متعلق آگاہی فراہم کرتے ہوئے بتایا جائے کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد سے ہی ان کی جان ومال کی حفاظت ممکن ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس ایف ایم ریڈیو 92.4پر بھی ٹریفک قوانین کے متعلق خصوصی نشریات کا اہتمام کیا جائے، شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ٹریفک اشاروںاور دیگر قوانین کا احترام کریں کیونکہ یہ آپ کی حفاظت کے ضامن ہیں.