آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا امن و امان اور جرائم کی روک تھام کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس

اسلام آباد(کرائم رپورٹر ) آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا امن و امان اور جرائم کی روک تھام کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ، اجلاس میں شہر بھر کی امن و امان کی مجموعی صورتحال، انسدادِ منشیات کے اقدامات، سیکیورٹی انتظامات، ٹریفک مینجمنٹ، انٹیلیجنس شیئرنگ اور جرائم کی روک تھام کے لیے مربوط حکمت عملی پر تفصیلا ًتبادلہ خیال کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصررضوی کی زیرصدارت امن و امان اور جرائم کی روک تھام کے حوالے سے سنٹرل پولیس آفس اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد ہوا، اجلاس میں اسلام آباد پولیس کے سینئر افسران نے شرکت کی ،اس موقع پر شہر بھر کی امن و امان کی مجموعی صورتحال، انسدادِ منشیات کے اقدامات، سیکیورٹی انتظامات، ٹریفک مینجمنٹ، انٹیلیجنس شیئرنگ اور جرائم کی روک تھام کے لیے مربوط حکمت عملی پر تفصیلا ًتبادلہ خیال کیا گیا،آئی جی اسلام آباد نے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، ٹریفک کے بہتر نظام اور پولیس رسپانس کو موثر بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں اور سروس ڈیلیوری کو مزید موثر بناتے ہوئے شہریوں کو تھانوں میں معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے.

انہوں نے کہاکہ شہریوں کو انصاف کی فوری فراہمی، شفاف انکوائری اور تھانوں میں پیشہ ورانہ رویے کو یقینی بنانا اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے،جبکہ وفاقی دارالحکومت میں امن وامان کو قائم رکھنا اور شہریوں کو ہر ممکن سہولیات مہیا کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے،انہوں نے تمام افسران کو جدید ٹیکنالوجیز کے موثر استعمال کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ وسائل کابہترین استعمال کرتے ہوئے پولیسنگ کے معیارکو مزید بہتر بنایا جائے اور شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے تمام ترضروری اقدمات اٹھائے جائیں،آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیرقیادت اسلام آباد پولیس کے نظام میں بہتری کے لئے موثر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں.