اسلام آباد(کرائم رپورٹر)اسلام آباد ٹریفک پولیس کا وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پرسخت ایکشن کا فیصلہ۔ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر فوری اور سخت قانونی کارروائی سمیت سنگین خلاف ورزیوں پر مختلف تھانہ جات میں گاڑیوں کو بندکیا جائے گا، جبکہ شہرمیں ٹریفک نظم و ضبط کی بحالی کے لیے ان اقدامات کو فوری نافذ العمل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیاہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر کی ہدایت پر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پرسخت ایکشن کا فیصلہ کیا ہے،جس کے تحت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر فوری اور سخت قانونی کارروائی سمیت سنگین خلاف ورزیوں پر مختلف تھانہ جات میں گاڑیوں کو بندکیا جائے گا، اسی طرح بغیر ڈرائیونگ لائسنس وپرمٹ ،کم عمر ڈرائیورز سمیت لین وائلیشن، ون ویلنگ اور اوورلوڈنگ جیسے سنگین خلاف ورزیوںپرڈرائیورزکو سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنے سمیت نہ صرف بھاری جرمانہ ادا کرنا ہوگا بلکہ گاڑی کو فوری طور پر متعلقہ تھانے منتقل کیا جائے گا،اسی کے ساتھ کسی بھی ڈرائیور کوبغیر لائسنس گاڑی چلانے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی اور ایسے افراد کے خلاف قانون کے مطابق مقدمات بھی درج کیے جائیں گے.
سی ٹی او اسلام آباد کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر نے کہا کہ ایسے ڈرائیورزسے ہرگز کوئی رعایت نہ برتی جائے جو اپنے اور دوسروں کے لیے حادثات کا سبب بنتے ہیں ، اسلام آباد ٹریفک پولیس آگاہی ونگ کو بھی خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ شہریوں کو ٹریفک کی خلاف ورزی کے نقصانات اور دیگر ٹریفک قوانین کے متعلق آگاہی فراہم کرتے ہوئے بتایا جائے کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد سے ہی ان کی جان ومال کی حفاظت ممکن ہے ، انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے، انہوں نے واضح کیا کہ ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بلاتفریق کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑے گا اور ان کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی کیونکہ قوانین سب کے لیے برابر ہیں.
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس شہریوں کے تعاون سے شہر میں محفوظ اورمنظم ٹریفک نظام قائم کرنے کے لیے پرعزم ہے،شہریوں سے گزارش ہے کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں.