اسلام آباد(کرائم رپورٹر)فرض کی راہ میں شہید اے ایس آئی سدھیر احمد عباسی کی نماز جنازہ پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں ادا کردی گئی۔نماز جنازہ کے بعد شہید کو سلامی دی گئی،شہید کے جسد خاکی کو سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی گاﺅں روانہ کیا گیا،نماز جنازہ میں اعلی پولیس افسران سمیت ڈی سی اسلام آباد، پولیس و ضلعی انتظامیہ کے افسران و جوانوں نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق فرض کی راہ میں شہیداسلام آباد پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر سدھیر احمد عباسی کی نماز جنازہ پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں ادا کردی گئی،نماز جنازہ میں اعلی پولیس افسران، ڈی سی اسلام آبادسمیت بڑی تعداد میں پولیس و ضلعی انتظامیہ کے افسران و جوانوں نے شرکت کی،سینئر افسران نے مرحوم کے جسدخاکی پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اورمرحوم کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ،اسلام آباد پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی،جبکہ نماز جنازہ کے بعد شہید کے جسد خاکی کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی گاﺅں روانہ کیا گیا.
شہید اے ایس آئی ایک پروفیشنل اورنڈر تفتیشی افسر تھے، اسلام آباد پولیس سی آئی اے کی ٹیم نے ڈکیتوں کی گرفتاری کے لئے تھانہ انڈسٹریل ایریا کے علاقے میںریڈ کیا،ریڈ کے دوران ڈکیتوں نے چاروں طرف سے پولیس ٹیم پر اندھا دھنڈ فائرنگ کردی،پولیس افسران نے دلیری کے ساتھ ڈکیتوں کا مقابلہ کیا،ڈکیتوں کی فائرنگ سے اے ایس آئی سدھیر احمد عباسی فرض کی راہ میں شہید ہوگئے جبکہ کنسٹیبل جعفر جہانگیر فائرنگ سے شدید زخمی ہوئے جن کو علاج معالجہ کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ ڈکیتوں کی گرفتاری کے لئے تین سینئر ایس ایس پیز شہر کے مختلف علاقوں میںآپریشن کو لیڈ کررہے ہیں،آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہید کے اہلخانہ کا ہرطرح سے خیال رکھے گی،انہوں نے مزید کہاکہ اسلام آباد پولیس کا ہر افسر اپنے فرض کے ساتھ مخلص اور کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا،شہید کی قربانی کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا.