اسلام آباد (کرائم رپورٹر )آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت آپریشنل کمانڈرز کانفرنس وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کی ہدایت پراسلام آباد کے تھانوں کو سپیشل انیشیٹو پولیس اسٹیشن میں 30 دن میں تبدیل کرنے کا فیصلہ،اسلام آباد پولیس جدید طرز پولیسنگ کے ساتھ شہریوں کو عوام دوست پولیسنگ مہیا کرنے پر عمل پیرا ہے،عیدالاضحی کے موقع پر ضلع بھر میں 02ہزار سے زائد پولیس افسران مویشی منڈیوں ،تجارتی مراکز ،نماز عید اور عوامی سیر و تفریح کے مقامات پر بھرپور سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلا م آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس اسلام آباد میں آپریشنل کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز سید علی رضا،ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق سمیت ایس ایس پیز ،زونل ایس پیز اور ایس ڈی پی اوز نے شرکت کی،کانفرنس کے آغاز میں شہید اے ایس آئی سدھیر عباسی کے لئے فاتحہ خوانی جبکہ زخمی کانسٹیبل جعفرجہانگیر کی صحت یابی کے لئے دعا کی گئی،وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کی خصوصی ہدایت پروفاقی دارلحکومت اسلام آباد کے تمام تھانہ جات کو سپیشل انیشیٹو پولیس اسٹیشن میں 30 دن میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا،تمام تھانہ جات کی تزئین و آرائش کو 25 جون تک مکمل کیا جائے گا جبکہ تھانوں میں آئی ٹی انفراسٹرکچر اور ہیومن ریسورس کو مزید بہتر بنایا جائے گا،اسلام آباد کے تھانہ جات کو قومی اور ملی یکجہتی کے تھیم دیئے جائیں گے،اس سلسلہ میں آئی جی اسلام آباد نے ڈی آئی جی اسلام آباد، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز، اے آئی جی لاجسٹک، ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایس پی انوسٹی گیشنز پر مشتمل خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دے د ی .
انہوں نے کہا کہ اس اہم اقدام کا مقصد شہریوں کو عوام دوست پولیسنگ مہیا کرنا ہے،اسلام آباد پولیس جدید طرز پولیسنگ پر عمل پیرا ہے،آئی جی اسلام آباد نے عیدالاضحی کے سکیورٹی انتظامات اور ضلع بھر کے کرائم کے حوالے سے بھی بریفنگ لی،اسلام آباد میں چھ مویشی منڈیوں میں شہریوں کی حفاظت پر 01ہزار سے زائد پولیس افسران اور سکیورٹی گارڈز اپنے فرائض سرانجام دیں گے،تمام مویشی منڈیوں میں فراڈ، جعلی کرنسی اور کسی بھی مدد کے لئے پولیس ڈیسک بھی قائم کئے گئے ہیں،وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں 832 مقامات پر نماز عید ادا کی جائے گی جس کے لئے خصوصی ناکہ جات اور مارکیٹ پوائنٹس پر ڈیوٹی لگائی جائے گی،عید کی شب 44 خصوصی پوائنٹس پر مزید ایک ہزار پولیس افسران اپنی ڈیوٹیاں سر انجام دیں گے جبکہ خصوصی پٹرولنگ پلان کے تحت 982 پولیس افسران ضلع بھر میں گشت ڈیوٹی پر مامور ہوں گے،عید کی تعطیلات کے دوران عوامی اور سیرو تفریح کے مقامات پربھرپور سکیورٹی اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لئے 1,040 پولیس افسران اپنے فرائض سرانجام دیں گے،اس حوالے سے خصوصی ٹریفک پلان بھی ترتیب دیا گیا ہے جبکہ مارگلہ ہلزمیں شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے اور انہیں کسی بھی ایمرجنسی میں فوری مدد کی فراہمی کے لئے بھی خصوصی پٹرولنگ پلان وضع کیا گیا ہے.
اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ عید بین المذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی و ایثار کی علامت ہوتی ہے،انہوں نے تمام افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں عید کی چھٹیوں کے دوران گھروں میں چوری کی روک تھام کے لئے خصوصی ڈیوٹیزکے ساتھ موثر گشت اور نیبرہوڈ واچ سسٹم کو ایکٹو کیا جائے گا، تمام تجارتی مراکز میں پولیس ہیلپ ڈیسک بنائیں جائیںتاکہ شہریوں کو موثر اور بروقت مدد فراہم کی جا سکے،تمام افسران مختلف مارکیٹس کا وزٹ کریں ،بھکاریوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھرپور قانونی کارروائیاں عمل میں لائیں،ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور غیرقانونی اسلحہ کے خلاف بھی کریک ڈاون کیا جائے ،جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لئے ضلع بھر میں جاری سرچ اور سویپ آپریشنز میں تیزی لائی جائے،انہوں نے مزید کہا کہ منڈی مویشیاں اپنی مختص کردہ مقامات پر ہی لگیں گی،غیر قانونی طور پر لگائی گئی مویشی منڈیوں کے خلاف بھی قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی.