آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر کمان سال 2025میں اسلام آباد پولیس کی بڑی کامیابیاں

اسلام آ باد( کرئم رپورٹر )آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر کمان سال 2025میں اسلام آباد پولیس کی بڑی کامیابیاں،وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں وقوع پذیر ہونے والے تمام اہم قتل کیسز ،اغواءبرائے تاوان ،غیرملکی خاتون کے ساتھ ریپ کے کیس سمیت بینک اور گھریلو ڈکیتی جیسے اہم کیسز کو حل کیا گیا ،تفصیلات کے مطابق انسپکٹرجنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر کمان سال 2025میں اسلام آباد پولیس نے کئی اہم بڑی کامیابیاں حاصل کیں ،رواں سال کے دوران وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں قتل ،اغواءبرائے تاوان ،غیرملکی خاتون کے ساتھ ریپ سمیت بینک اور گھریلو ڈکیتی جیسے اہم واقعات رونما ہوئے ، آئی جی اسلام آباد نے تمام واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق کی زیر نگرانی ایس ایس پی آپریشنز ، ایس ایس پی انوسٹی گیشنز اور ایس ایس پی سی ٹی ڈی کی سربراہی میں مختلف پولیس ٹیمیں تشکیل دیں ،پولیس ٹیموں نے تمام کیسز پر جدید ذرائع اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے تفتیش عمل میں لاتے ہوئے ان کیسز کو حل کیا، ان اہم کیسز میں سوشل میڈیا سٹار ثناءیوسف قتل کیس .

حمزہ خان کا اندھاقتل کیس،سماجی کارکن اشتیاق عباسی کا اندہوناک قتل، لوہی بھیر میں نجی سوسائٹی میں رہائش پذیر ماں اور بیٹی کا قتل کیس، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کی 22سالہ طالبہ ایمان افروز کا اندھا قتل سمیت اسلام آباد پولیس سی آئی اے کے اے ایس آئی سدھیر احمد عباسی قتل کیس شامل ہے، اسی طرح وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں اغواءبرائے تاوان کے اہم واقعات رونما ہوئے جن میں سینٹورس شاپنگ مال سے دو سالہ بچے کا اغواءسمیت تھانہ کراچی کمپنی کی حدود سے دو غیرملکی شہریوں کے اغواءکا کیس شامل ہے ، مزید تھانہ آبپارہ کی حدود میں غیر ملکی خاتون کے ساتھ ریپ کیس کے ملزم کی گرفتاری کو یقینی بنایا گیا، جبکہ تھانہ انڈسٹریل ایریا کے علاقہ میں ہونے والی بنک اور تھانہ گولڑہ کی حدود میں ہونے والی گھریلو ڈکیتیوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے لوٹا گیا مال برآمد کیا گیا.

آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ اللہ کے کرم سے اسلام آباد پولیس نے وفاقی دارلحکومت میں رونما ہونے والے تمام بڑے کیسز کو کامیابی سے حل کیا ہے ،اس دوران تمام درپیش مسائل اور چیلنجز پر بھرپور طریقے سے قابو پایا گیا،اسلام آباد پولیس کے تمام افسران و جوانوں نے بھرپور ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا، میرے ڈی آئی جی ،ایس ایس پیز اور ایس پیز نے اپنے ماتحت افسران کے شانہ بشانہ دن رات ان کیسز پر کام کیا اور یہ کامیابیاں حاصل کی گئیں، انہوںنے مزید کہا کہ اسلام آباد میں کسی جرائم پیشہ عناصر کی موجودگی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی،تمام ملزمان کے خلاف موثر تفتیش اور ٹھوس شواہد کی روشنی میں چالان مرتب کرکے مجاز عدالتوں سے قرار واقعی سزائیں بھی دلوائی جائے گی، آئی جی اسلام آباد نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ اسلام آباد پولیس وفاقی دارلحکومت کو ایک محفوظ اور پرامن شہر بنانے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی اور پولیس فورس ہر ممکن کوشش سے شہریوں کی خدمت جاری رکھے گی.