ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد محمد شعیب خان کا محر م الحر ام کے جلوسوں کے مجوزہ روٹس کا دورہ

اسلام آباد(کرائم رپورٹر )ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد محمد شعیب خان کا محر م الحر ام کے جلوسوں کے مجوزہ روٹس کا دورہ، ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا،تمام سکیورٹی ڈیوٹی کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ،محرم الحرام میں مذہبی ہم آہنگی اور روادی کو یقینی بناتے ہوئے وفاقی دار الحکومت کی پر امن فضا کو برقرار رکھا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلا م آباد سید علی ناصررضوی کی خصوصی ہدایات پرسینئر سپر ٹینڈنٹ آف پولیس آپریشنز اسلام آباد محمد شعیب خان نے وفاقی دار الحکومت میں محر م الحر ام کے جلوسوں کے مجوزہ روٹس کا دورہ کیا،اس موقع پر ان کے ہمراہ زونل ایس پیز،ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز موجود تھے، ایس ایس پی آپریشنز اسلام آبادنے جلوسوں کے روٹس کے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا،انہوں نے سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات تمام افسران کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت دی،انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے راستوں کو مکمل کارڈن رکھا جائے،جلوسوں کے راستوں پر روشنی کے مناسب انتظامات کئے جائیں،محرم الحرام کے موقع پر جلوسوں اور مجالس کے لئے فول پروف سیکورٹی انتظامات کئے جا رہے ہیں.

جلوسوں اور مجالس کے لئے وضع کردہ ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا،انہوں نے مزیدکہا کہ اسلام آباد پولیس محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے، محرم الحرام میں بین المسالک ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دینے کے لئے تمام اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، آئی جی اسلام آباد کے ویژن کے مطابق وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں محرم الحرام میں مذہبی ہم آہنگی اور روادی کو یقینی بناتے ہوئے امن و امان کی فضا کو برقرار رکھا جائے گا.