محفوظ پنجاب” کے تحت سٹی ٹریفک پولیس کا اقدام ہر اتوار کو اولڈ واران ڈپو صدر میں رکشہ ڈرائیورز کے لائسنس کے اجرا کا سلسلہ جاری

راولپنڈی(کرائم رپورٹر )وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن “محفوظ پنجاب” کے تحت سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کی جانب سے رکشہ ڈرائیورز کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کا سلسلہ باقاعدگی سے ہر اتوار کو اولڈ واران ڈپو صدر میں جاری ۔ اس اقدام کا مقصد رکشہ ڈرائیورز کو قانونی دائرے میں لانا، ان کی پیشہ ورانہ تربیت اور سڑکوں پر محفوظ سفر کو یقینی بنانا ہے,انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی خصوصی ہدایات پر اس سہولت کا آغاز 27 ستمبر 2024 کو ہوا تھا اور اب تک 1869 رکشہ ڈرائیورز کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جا چکے ہیں .

ہر اتوار کو اولڈ واران ڈپو صدر میں ہونے والے ٹیسٹ کے دوران ڈی ایس پی ٹریفک ھیڈکوارٹرز ، انچارج لائسنسنگ اور دیگر ٹریفک کا عملہ موجود ہوتا ہے جو رکشہ ڈرائیورز کی رہنمائی اور ان کو سہولیات مہیا کرنے کا ذمہ دار ہوتا ہے ، ٹیسٹ کے مراحل میں ٹریفک سائنز کی پہچان اور روڈ ٹیسٹ شامل ہوتا ہے ، سی ٹی او راولپنڈی بینش فاطمہ کا کہنا ہے کہ بغیر لائسنس رکشہ چلانے والے ڈرائیورز نہ صرف قانون کی خلاف ورزی کرتے ہیں بلکہ اپنی اور دوسروں کی جان کو خطرے میں ڈالتے ہیں ، اس لیے تمام رکشہ ڈرائیورز سے اپیل ہے کہ وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور جلد از جلد اپنا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کریں ، چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی کا مزید کہنا تھا کہ یہ مہم صرف لائسنس کے اجراء تک محدود نہیں بلکہ اس کا مقصد رکشہ ڈرائیورز کو ٹریفک قوانین سے آگاہ کرنا ہے تاکہ وہ ذمہ دار شہری بن سکیں، انچارج لائسنسنگ برانچ اور انکی کی ٹیم اس عمل کو مکمل شفافیت کے ساتھ انجام دے رہی ہے تاکہ ہر امیدوار کو برابر کا موقع ملے اور وہ مکمل تیاری کیساتھ ٹیسٹ کے عمل میں شامل ہو .

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عوامی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے رکشہ ڈرائیورز کے لیے ٹریفک ہیڈ کوارٹرز میں آگاہی ورکشاپس کا سلسلہ بھی جاری ہے تا کہ وہ ٹریفک قوانین سے آگاہی حاصل کرتے ہوۓ ذمہ دار شہری بن سکیں ، سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی تمام رکشہ ڈرائیورز سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھائیں اور ہر اتوار کو اولڈ واران ڈپو صدر پہنچ کر لائسنس کے حصول کے عمل کا حصہ بنیں۔