عوامی جگہوں پر گداگری کے خاتمے اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے اینٹی بیگرز اسکوارڈ کا قیام

راولپنڈی(کرائم رپورٹر )وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز کے ویژن پر سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کی جانب سے عوامی جگہوں پر گداگری کے خاتمے اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے اینٹی بیگرز اسکوارڈ کا قیام ۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی شہر کی مین شاہراہوں مال روڈ ، اولڈ ائیر پورٹ روڈ اور مری روڈ کے تمام چوراہوں پر اکثر بھکاری بھیک مانگتے نظر آتے تھے جنکی وجہ سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی تھی بلکہ موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر یہ ایک سیکیورٹی رسک بھی تھا، چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ کی خصوصی ہدایات پر اینٹی بیگر اسکواڈ کا قیام عمل میں لایا گیا اور اس اسکوارڈ نے شہر بھر میں گداگری جیسی لعنت کے خلاف بھرپور کاروائیوں کا آغاز کر دیا ہے .

مختلف مقامات پر گداگری کے خلاف کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے اب تک 16 افراد کے خلاف مقدمات کا اندراج بھی کر لیا گیا ہے جن میں مرد و خواتین گداگر شامل ہیں ، اس کے علاوہ 4 نابالغ گداگر بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کیا گیا ہے تاکہ انہیں ایک محفوظ اور بہتر مستقبل فراہم کیا جا سکے ، یہ کارروائیاں روزمرہ کی بنیاد پر جاری ہیں اور ہر سیکٹر میں تعینات سرکل افسران کو بھی اس مہم سے متعلق خصوصی ہدایات دی گئی ہیں تا کہ گداگری جیسے سماجی مسئلے پر قابو پایا جا سکے ، چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ نے کہا ہے کہ گداگری ایک معاشرتی برائی ہے جس سے نہ صرف عوام کو پریشانی ہوتی ہے بلکہ یہ بچوں کے استحصال کا سبب بھی بنتی ہے .

سٹی ٹریفک پولیس کا مقصد صرف گرفتاری نہیں بلکہ بحالی اور تحفظ کو بھی یقینی بنانا ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے “محفوظ پنجاب” ویژن کے تحت سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی تمام شہریوں کو ایک محفوظ ، پُرامن اور منظم ٹریفک نظام فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے ، شہریوں سے گزارش ہے کہ کسی بھی گداگر کی موجودگی یا استحصال کی صورت میں فوری طور پر سٹی ٹریفک پولیس یا چائلڈ پروٹیکشن بیورو کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔